• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیٹھی ٹاؤن سب ڈویژن میں بجلی کے ڈائریکٹ کنکشن کیخلاف گرینڈ آپریشن

پشاور(نیوزڈیسک) چیف ایگزیکٹو پیسکو انجینئر جبار خان ، ایس ای پشاور سرکل انجینئر آصف جان اور ایکسیئن سٹی رورل ڈویژن انجینئر محمد ریاض خان کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی او پیسکو سیٹھی ٹاؤن سب ڈویژن محمد رضوان اور لائن سپرنٹنڈنٹ انیس خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ملک رحمان ٹاؤن قاضی کلے اور محلقہ علاقوں میں بجلی کے ڈائریکٹ کنکشن کے خلاف آپریشن کیا ۔ اس آپریشن کے دوران ڈائریکٹ کنکشن لینے والے صارفین نثار ولد گل شیر ، زبیر ولد ظفر ، حشمت ولد شیرین اور سعید اللہ ولد محمد شعیب ساکنان ملک رحمان ٹاؤن قاضی کلے کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی جبکہ علاقے میں کمبنگ کا عمل جاری ہے جن میں اب تک 150 میٹر پول پر شفٹ کر دیئے گئے ہیں اور خراب میٹر تبدیل کئے جا رہے ہیں ۔ ایس ڈی او پیسکو سیٹھی ٹاؤن سب ڈویژن محمد رضوان اور لائن سپرنٹنڈنٹ انیس خان نے کہا کہ بجلی چوری اور ڈائریکٹ کنکشن اور کنڈا کلچر کے خلاف ہمارا آپریشن جاری ہے اور کسی سے بھی رعایت نہ برتی جائے گی کیونکہ چند مفاد پرست عناصر کی وجہ سے عوام کو نہ صرف بجلی کی رسد کے مسائل جنم لے رہے ہیں بلکہ بجلی چوری کی وجہ سے غریب عوام گھنٹوں گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھی جھیل رہے ہیں اس کے علاوہ بلوں کے مد میں عوام کو شدید پریشانی کا سامنا رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے فرائض میں شامل ہے کہ بجلی چوری کے خلاف اپنا کام پوری ایمانداری سے انجام دیں جبکہ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر وہ ہماری مدد کرکے بجلی چوروں اور ڈائریکٹ کنکشن استعمال کرنے والوں کی نشاندہی کریں تو ہم نہ صرف ان کے مشکور رہیں گے بلکہ ان کا نام بھی صیغہ راز میں رکھیں گے اور ان کی نیکی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ بجلی چوری اور کنڈا کلچر سے خود کو بچائیں اور بصورت دیگر قانون کی عملداری اور سزا و جرمانے کے لئے تیار رہیں ۔
تازہ ترین