• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیر سے ریسٹورنٹ، تھیٹر، سنیما، پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرین، فضائی آپریشن بحال، مارکیٹس پر اوقات کی پابندی ختم

پیر سے ریسٹورنٹ، تھیٹر، سنیما، پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرین، فضائی آپریشن بحال


اسلام آباد(ایجنسیاں) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھرمیںکورونا وبا کے حوالے سے کافی بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، سینما گھر، تھیٹرز، جمز اور پبلک پارکس بروز پیر 10 اگست سے کھول دیئے جائیں گےجبکہ مارکیٹوں پر اوقات کارکی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے 

‘پبلک ٹرانسپورٹ‘ٹرین اور فضائی آپریشن بھی پیر سے بحال ہوجائیں گے ‘8اگست سے سیاحتی مقامات کھول دیئے جائیں گے‘

 تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے‘ 7ستمبر کوحتمی جائزہ لیں گے ‘ شادی ہالز کو 15 ستمبرسے کھولا جارہا ہے۔

پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جا رہا ہے۔ میٹرو بسوں میں کھڑے ہو کر سفر کی اجازت نہیں ہوگی‘ کبڈی، کشتی اور رگبی کے علاوہ دیگر کھیلوں کی اجازت دے رہے ہیںلیکن شائقین کو اجازت نہیں ہو گی۔

 مزارات کو بھی کھولا جا رہا ہے تاہم صوبائی انتظامیہ سے عرس کی اجازت لینا ہوگی۔

اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال پر قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ10 اگست سے جمز، تھیٹرز اور سینما ہالز کو بھی کھول دیا جائے گا۔

 ریسٹورنٹس اور کیفے ٹیریاز کیلئے ایس او پیز جاری کیے جائیں گے جبکہ کبڈی، کشتی اور رگبی کے علاوہ دیگر اسپورٹس کی اجازت دے رہے ہیں ۔

 موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور مارکیٹیں ہفتے کو بند رکھنے کی پابندی ختم کی جا رہی ہے‘ تاجر پرانے اوقات کار کے مطابق دکانیں کھول سکتے ہیں۔ 

ایکسپو ہالز اور بیوٹی پارلرز 10 اگست سے کھولے جا رہے ہیں جبکہ مزارات کو بھی کھولا جا رہا ہے تاہم صوبائی انتظامیہ سے عرس کی اجازت لینا ہوگی۔

اسد عمر نے عوام کو معمولات زندگی بحال کرنے کے ساتھ ساتھ یہ تنبیہ بھی کی کہ جن ممالک میں کورونا ختم ہوا، وہاں دوبارہ کیسز سامنے آئے، خطرہ ابھی ٹلا نہیں، احتیاط لازمی کرنا ہوگی۔اسدعمر نے کہا کہ ریسٹورنٹس میں باہر اور اندر بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ 

ہوٹلز بھی شادی کے فنکشن کرسکتے ہیں۔ریلوے اور ایئر لائن فری آپریٹ کرسکیں گے۔ ریلوے اور ایئر لائن میں سیٹیں چھوڑنے کی بندش ستمبر کے آخر تک برقرار ہوگی۔14اگست کے لیے خصوصی احکامات جاری ہوں گے۔ 

محرم سے متعلق علمائے کرام کے ساتھ مل کر ایس اوپیز بنائی جاچکی ہیں۔ عوام کے تعاون سے صورتحال کنٹرول میں آئی۔

 یکم اکتوبر سے مسافر جہازوں میں نارمل سفر کرسکیں گے۔ان کا کہناتھا کہ جن کھیلوں میں جسمانی ٹکراؤ نہیں ہوتا ، ان کے انعقاد کی اجازت دی جا رہی ہے لیکن شائقین کو اجازت نہیں ہو گی، البتہ ٹورنامنٹس اور میچز وغیرہ کو منعقد کرانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

اسد عمر نے واضح کیا کہ کبڈی، کشتی، رگبی، باکسنگ وغیرہ جیسے کھیلوں کے انعقاد کی اجازت نہیں ہو گی۔

اسد عمر نے خبردار کیا کہ اگر ہم نے بداحتیاطی کی یا حکومت کی حکمت عملی کمزور پڑ گئی‘اگر عوام کے رویوں میں ہمیں منفی تبدیلی نظر آئی تو خدانخواستہ اس کے منفی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔اگر یہ صورتحال پیدا ہوتی ہے تو دوبارہ وہی بندشوں کا سلسلہ شروع ہو گا۔

تازہ ترین