• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رائن رینالڈز نے متنازع مقام پر شادی کرنے پر مداحوں سے معذرت کرلی

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیڈپول اسٹار 43 سالہ رائن رینالڈز نے 8 سال قبل متنازع مقام پر 32سالہ اداکارہ بلیک لاؤلی سے شادی کرنے پر مداحوں سے معذرت کرلی۔رائن رینالڈز اور بلیک لاؤلی نے ستمبر 2012 میں امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے شہر چارلسٹن میں واقع ایک میوزیم اور تاریخی عمارت میں خاموشی سے شادی کرلی تھی۔مذکورہ مقام امریکا کےنوآبادیاتی دور میں تعمیر کیا گیا تھا، یہ میوزیم اور گارڈن 320 سال پرانا ہے۔بون ہال پلانٹیشن نامی عمارت کی حدود میں کئی دیگر تاریخی گارڈنز اور جگہیں بھی موجود ہیں، جنہیں سیاہ فام افراد کو غلاموں کے طور پر فروخت کرنے والی مارکیٹس یا جیل کے طور پر بھی پہنچانا جاتا رہا ہے۔اسی عمارت میں (سلیو اسٹریٹ) یعنی غلاموں کی گلی نامی گارڈن بھی موجود ہے، جس کی بنیاد 1800 سے قبل ہی رکھی گئی تھی، جہاں خانہ جنگی کے دور میں سیاہ فام غلاموں کی خرید و فروخت کا کام سر انجام دیا جاتا تھا۔مذکورہ مقام پر سرکاری آشیرواد کے ساتھ افریقا سے لائے گئے سیاہ فام مرد و خواتین کی خرید و فروخت ہوتی تھی اور اسی جگہ غلاموں کو جانوروں کی طرح مارکیٹ میں باندھ کر رکھا جاتا تھا، جہاں انہیں استحصال کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا۔اداکار رائن رینالڈز نے اپنی دوسری شادی اداکارہ بلیک لاؤلی کے ساتھ ستمبر 2012میں اسی مقام یعنی غلاموں کی گلی کے گارڈن میں ہی کی تھی اور شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو فخریہ انداز میں پھیلایا گیا تھا۔تاہم متنازع مقام پر شادی کرنے کے 8 سال بعد اب اداکار جوڑے نے مداحوں سے معذرت کرلی۔رائن رینالڈز کے مطابق انہوں نے شادی کا مقام سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن پینٹریسٹ پر تصاویر دیکھنے کے بعد منتخب کیا تھا۔

تازہ ترین