• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم استحصال: لندن میں بھارتی ہائی کمیشن دن بھر بند رہا

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) یوم استحصال کشمیر پر لندن میں بھارتی ہائی کمیشن دن بھر بند رہا ۔ ایک ہزار سے زائد افراد نے ہندواتوا مودی حکومت کے ذریعے ایک سال قبل آرٹیکل 370 ختم کرنے اور کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف اپنا غصہ رجسٹر کرانے کیلئے مرکزی لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین میں جموں اور کشمیر نیشنل لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے برطانوی کشمیری، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ نون، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام ، یوکے نیشنل عوامی پارٹی نے ایلڈوچ میں انڈیا ہاؤس کے باہر احتجاج میں شرکت کی جس کی حفاظت پر 100 سے زائد پولیس اہلکار مامور تھے۔ مظاہرین نے کشمیر کے حوالے سے مودی کی فسطائیت پر تنقید کی جبکہ مظاہرین نے سائنز اٹھارکھے تھے جن پر ’بھارتی قصائی آرمی کو کشمیر سے باہر نکالو‘، ’کشمیر جوہری فلیش پوائنٹ‘، ’اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل کرو‘، ʼنسل کشی بند کرو ، مودی کو اب روکو‘، ’آزاد کشمیر‘ وغیرہ جیسے نعرے تحریر تھے۔ گزشتہ سال کے مناظر سے بچنے کے لئے بھارتی ہائی کمیشن دن بھر بند رہا جب20 ہزار کے قریب مظاہرین نے حکومت سے کشمیریوں کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہائی کمیشن کا محاصرہ کرلیا تھا۔

تازہ ترین