کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان میٹرولوجیکل سینٹر کی جانب سے بارشوں کے حوالے سے کی گئی پیشن گوئی کے پیش نظر مختلف اضلاع میں مانیٹرنگ / نگرانی اور امدادی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے صوبائی وزراء ، مشیران ، خصوصی معاونین اور ایم پی ایز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مختلف اضلاع میں ریلیف کے لیے اقدامات کریں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے میٹ آفس ایڈوائزری کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی وزرا ، مشیران ، خصوصی معاونین اور ایم پی ایز کو 6 سے 8 اگست تک اپنے اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور ریلیف کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی انہوں نے وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کو صوبائی سطح پر انچارج مقرر کیاہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حکومتی نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں چلے جائیں جہاں انہیں امدادی سرگرمیوں کا کام سونپا گیا ہے اور انہیں مسلسل صورتحال سے آگاہ رکھیں۔