• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ خوراک نے سرکاری آٹے کا کوٹہ 2500میٹرک ٹن کر دیا

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے عوام کو سستے داموں اور معیاری آٹے کی فراہمی کیلئے کوٹہ 2 ہزار سے بڑھا کر 2500 میٹرک ٹن کردیا جبکہ آٹا ڈیلروں نے بھی پندرہ روپے فی تھیلہ کمی کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے سیکرٹری خوراک فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خوشحال خان ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر اور راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا جس پر انہوں نے آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مسائل حل کرنے اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر آٹا ڈیلروں نے پنجاب سے آنے والے آٹے سپر فائن‘ سپیشل فائن اور دیگر میں فی تھیلے میں تیس روپے منافع کم کر کے پندرہ روپے کردیا اور کہا کہ عوام کو بلا کسی تعطل کے سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی فراہمی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائیگا۔ سیکرٹری خوراک خوشحال خان نے کہا کہ آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کی اصرار پر آٹے کا کوٹہ 2 ہزار سے بڑھا کر 2500 کردیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر آٹا ڈیلروں کو فراہم کیا جائیگا تاکہ آٹا ڈیلروں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہو اور براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اطمینان رکھیں کہ محکمہ خوراک سستے داموں آٹے کی فراہمی سمیت پورے صوبے میں دستیابی کو یقینی بنائیگا۔
تازہ ترین