• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں، کیٹی گرین

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل)فیضان اسلام انٹرنیشنل و ایجوکیشن سنٹر مانچسٹر اولڈ ٹریفورڈ و مرکزی اہل سنت والجماعت کی جانب سے 5 اگست مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے آرٹیکل 370 اور 35 A حذف کرنے کے خلاف ایک احتجاجی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں رکن برطانوی پارلیمنٹ کیٹی گرین نے بذریعہ وڈیو اپنا پیغام دیتے ہوئے کشمیری قوم کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری مشکل ترین حالات سے گزر رہے ہیں وہاں پر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں، ان کا مذید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تمام ذمہ دار اداروں کو کشمیری قوم کو انصاف کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں اور برطانوی حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی اس بارے اپنا کردار ادا کرے۔ علامہ نصیر اللہ نقشبندی نے کہا انڈیا نے سوچا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے عزائم ناکام بنادیں گے لیکن انہیں منہ کی کھانی پڑے گی کیونکہ کشمیری قوم نے پچھلے ایک سال کے دوران اپنے آپ کو دنیا میں منوا لیا ہے۔ تحریک منطقی انجام تک پہنچے گی۔ محمد اقبال (MBE )کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی 1949 کی قراردادوں نے کشمیری قوم کو غلام بنا ہوا ہے، اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے وہ ان قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیری قوم کو انکا حق دے۔ علامہ شیخ غلام ربانی کا کہنا تھا کہ کشمیری قوم کو مذہب،رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر انسانی بنیادوں پر جینے کے وہ حقوق دیے جائیں جو دنیا بھر میں بسنے والی دیگر اقوام کو حاصل ہیں۔ مسلم کانفرنس تحریک کشمیر بورڈ برطانیہ و یورپ کے چئیرمن چوہدری محمد بشیر رٹوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آج لاک ڈاؤن کو ہوئے ایک سال کا عرصہ بیت چکا، ہم کشمیری قوم کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شانہ بشانہ اس وقت تک کھڑے ہیں جب تک انہیں آزادی نہیں مل جاتی۔ قاری جاوید اختر کا کہنا تھا کہ کشمیری ماؤں بہنوں ،بچوں اور نوجوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیر جلد آزاد ہو گا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جسکا مولانا اورنگزیب کو ہوا۔ پاکستان کی سلامتی و ترقی کے ساتھ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔

تازہ ترین