• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کی ریلی پر حملہ بھارتی کارروائی ہے

برمنگھم(پ ر) پاکستان رابطہ کونسل برمنگھم کے سیکرٹری سجاول خان حیدر خیل نے کہا ہے کراچی میں جماعت اسلامی کی پُرامن کشمیر ریلی میں بم دھماکہ میں درجنوںافراد کے زخمی اور جماعت اسلامی کے علاقائی رہنما رفیق تنولی کی شہادت بھارت کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ بھارت کے ایجنٹ کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، سیکورٹی اداروں نے اگر بہتر انتظامات کیے ہوتے تویہ حادثہ پیش نہ آتا ،بھارت کی یہ کوشش ہے کہ پاکستان کے اندر کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی آواز کو دبایا جائے ،صوبہ سندھ کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس طرح کے مواقعوں پر خاطر خواہ تیاری کیا کرے۔ انہوں کہا کہ سندھ کی صوبائی حکومت مجرموں کوگرفتار کر کے انہیں سخت سزا دے تاکہ اس طرح کے واقعات آئندہ نہ ہوں، بھارت خوف ہراس پیدا کرنے کوشش کر رہا ہے تاکہ عوام کو کشمیر کی جدو جہد سے دور رکھا جائے۔ سجاول خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کی جدو جہد سے الگ نہیں کیا جاسکتا کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔ بھارت کی نو لاکھ فوج نے کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے کشمیریوں نے گذشتہ ایک سال سے جس جرأت اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے بھارت کے لیے واضح پیغام ہے کہ وہ فوجی قوت کے بل بوتے پر کشمیر پراپنا غاصبانہ تسلط اور قبضہ نہیں رکھ سکتا اہل کشمیر تنہا نہیں اور آزادی کی منزل حاصل کر کے دم لیں گے، جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنوں کو اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔

تازہ ترین