• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا نیا نقشہ امنگوں کے مطابق ہے،کمیونٹی رہنمالوٹن

لوٹن (شہزاد علی) خطیب مرکزی جامع مسجد غوثیہ لوٹن مولانا حافظ اعجاز احمد، اسلامک کلچرل سوسائٹی لوٹن سنٹرل ماسک کے صدر اور رہنما پی ٹی آئی کشمیر لوٹن حاجی چوہدری محمد شفاعت پوٹھی ، نائب صدر پہلوان حاجی ملک پنوں خان ، کوآرڈی نیٹر کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نقشہ میں کشمیر کی شمولیت خوش آئند ہے ۔مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پاکستانی اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نیا نقشہ جاری کیا ہے جس میں بھارت کے زیرانتظام مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر، گلگت و بلتستان، سرکریک، جونا گڑھ اور مناودار کو سرکاری طور پر پاکستان کا حصہ دکھایا گیا ہے۔ اس فیصلہ کی لوٹن کی پاکستانی کشمیری کمیونٹی بھرپور حمایت کرتی ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جرأت مندانہ قدم اٹھایا ہے، کشمیری قیادت اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے ، کشمیری عوام پر یہ واضح رہنا چاہیے کہ پاکستان ہی کشمیریوں کا محافظ اور وکیل ہے ، کوئی بھی کشمیری ،سیاسی اور صحافتی حلقہ جو پاکستان مخالف ہو وہ کشمیر کاز سے مخلص نہیں ہوسکتا ، حکومت پاکستان کی کشمیر پالیسی کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے ، لوٹن کے پاکستانی کشمیری اہل پاکستان کی حمایت پر ان کے دلی مشکور ہیں اور عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں ۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ ظاہر کرنے کے ساتھ اس بات کی وضاحت بھی کردی ہے کہ اس متنازع علاقے کے بارے میں آخری فیصلہ کشمیری عوام ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کریں گے۔ پاکستان نے یہ موقف اختیار کرکے اور کشمیر کو اپنے سیاسی نقشہ میں شامل کرکے ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی سطح پر اس حوالے یکجہتی پیدا کی جائے۔رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کے اس قومی فیصلہ کی حریت کانفرنس کی قیادت اور بیس کیمپ آزاد کشمیر کی لیڈر شپ نے بھی مکمل طور پر حمایت کی ہے اور برطانیہ کے پاکستانی کشمیری بھی بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

تازہ ترین