• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یارکشائر میں بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرے اورریلیاں

ابریڈفورڈ(نمائندہ جنگ )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کےمسلسل لاک ڈاؤن اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے دفعہ 370 آئین سے خارج کرنے کا ایک سال پورا ہونے پر یارکشائر کے مختلف شہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کیخلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ کوویڈ 19کی پابندیوں کے باوجود کشمیری بڑی تعداد باہر نکلی اورکشمیر کے پرچموں اور بینرز کے ساتھ گاڑیوں میں ریلیاں نکالی اور چوراہوں پر کھڑے ہو کر صدائے احتجاج بلند کیا۔ بریڈفورڈ میں احتجاجی ریلی کا اہتمام خصوصی طور پر یونائیٹڈ فار کشمیر تنظیم کے کارکنوں نے کیا تھا ۔مظاہرے میں شریک افراد نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرے کے دوران شرکاء آزادی کے حق اور بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل نعرے بازی کی۔سابق لارڈ میئر رنگ زیب چوہدری ،خالد محمود ،چوہدری امین ناصر اور دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے برعکس کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں ،عالمی برادری بے حس ہو چکی ہے، دنیا جان لے کہ کشمیری اب جاگ چکے ہیں ،بھارت کا کشمیر پر جبری تسلط اب زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا، وہ دن دور نہیں جب کشمیری شہداء کا خون رنگ لائے گا اور کشمیر آزاد ہو گا ۔ڈیوزبری سے فرینڈز آف کشمیر کے رہنما چوہدری ساجد شریف ،چوہدری محمد تاج، حافظ محمد عظیم نقشبندی اور دیگر کی قیادت میں ڈیوزبری ٹائون ہال سے کارریلی نکالی گئی، اس موقع پر فرینڈز آف کشمیر کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بھارت کو کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا حساب دینا ہو گا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کو ختم کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے اور نئے متعارف ہونے والا ڈومیسائل قانون بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مقامی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کشمیریوں کے خلاف سازش ہے، اس مذموم منصوبے سے کشمیری عوام کی سیاسی، معاشی، ثقافتی شناخت پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دنیا کے ہر فورم پر بھارت کا مکروہ چہرہ کو بے نقاب کرتے رہیں گے ۔

تازہ ترین