• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا متاثرہ کینسر کے مریضوں میں کیموتھراپی سے کوئی خدشہ نہیں، سٹڈی

لندن (پی اے) کوویڈ۔19 سے متاثرہ کینسر کے مریضوں میں کیموتھراپی سے کوئی خدشہ لاحق نہیں ہوتا ۔ ایک حالیہ سٹڈی کے مطابق کوویڈ۔19 سے متاثرہ کینسر کے مریضوں میں مسلسل کیموتھراپی اور امیونوتھراپی سے ان کی بقا کو کسی قسم کا خدشہ نہیں ہوتا۔ اس میں سفارش کی گئی ہے کہ ایک دوا ’’ ہائیڈرو آکسی کلوروکوئین‘‘ پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے جو کہ بعض مریضوں میں سود مند پائی گئی ہے۔ برطانیہ ، سپین ، اٹلی اور جرمنی میں انفیکشن سے متاثرہ کینسرکے890 مریضوں پر سٹڈی کے نتائج یہ جاننے میں مددگار ہوں گے کہ کس کو کورونا وائرس سے سب سے زیادہ خدشات ہوں گے۔ چھاتی کے کینسر میں مبتلا افرادمیں شرح اموات دیگر مریضوں کے مقابلے میں نصف ہوتی ہے۔ امپیرئیل کالج لندن کے تحقیقی ماہر جنہوں نے سٹڈی کی قیادت کی تھی وہ یورپ بھر کے 19 مختلف ہسپتالوں بشمول لندن میں ہیمرسمتھ ہاسپیٹل سے وابستہ ہیں ، کہا کہ اب ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔ وہ اس بات کی تحقیق کرنے کے خواہشمند بھی ہیں کہ سٹڈی میں کوویڈ۔19 سے متاثرہ کینسر کے برطانوی مریضوں میں دیگر تین ممالک کے مقابلے میں مرنے کے زیادہ امکانات کیوں ہیں۔ سٹڈی کے مرکزی مصنف اور امپیرئیل کالج لندن پر ڈپارٹمنٹ آف سرجری اینڈ کینسرکے ماہر ڈاکٹر ڈیوڈ پناٹو نے کہا کہ کینسر کا علاج محفوظ ہو سکتا ہے ، تاہم انہیں اعدادوشمارنے ’’تشویش‘‘ میں مبتلا کر دیا ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ میں زیادہ شرح اموات کو تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بتایا گیا کہ وبا کے مریضوں اور کینسر کے علاج تک رسائی پر اثرات مرتب ہوئے اور بعض کیسز میں علاج معطل یا روک دیا گیا ، تاہم اس کے ’’ مضبوط شواہد‘‘ بہت کم ہیں۔ڈاکٹر پناٹو نے کہا کہ اب ہم اسے بہتر طور پر سمجھ رہے ہیں۔ کیموتھراپی اور امیونوتھراپی جیسے علاج کوویڈ۔19 کے باعث شرح اموات میں اضافہ کا سبب نہیں بنتے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ بیشتر کیسز میں کینسر کا علاج وبا کے دوران بھی محفوظ ہوتا ہے تاہم اس کا دارومدار مریض کی ذاتی صحت اور خدشات کے عوامل پر ہوتا ہے۔ شرح اموات صرف 15 فیصد پائی گئیں۔ جن 890 مریضوں پر سٹڈی کی گئی ، ان میں نصف سے زائد مرد تھے جن کی اوسط عمریں 68 سال تھیں جبکہ ان میں سے مریض کینسر کے ایڈوانس اسٹیج پر تھے۔تحقیقی ماہرین کے مطابق سٹڈی سے یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ کینسر کے کس مریض کو خدشات درپیش ہیں اور انہیں وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین