• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹر ٹیسٹ، انگلینڈ کا جوابی وار، پاکستانی بیٹنگ ناکام، 137 پر آٹھ آؤٹ

مانچسٹر ٹیسٹ، انگلینڈ کا جوابی وار، پاکستانی بیٹنگ ناکام، 137 پر آٹھ آؤٹ


مانچسٹر (جنگ نیوز) مانچسٹر ٹیسٹ کے تیسرے روز کرکٹ نے گرگٹ کی طرح رنگ بدل لیا۔ پاکستان ٹیم اچانک دبائو میں آگئی۔ انگلینڈ نے پلٹ کر وار کرتے ہوئے گرین کیپس کو دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار کردیا۔ پاکستان بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی۔ جمعہ کو بولرز کا راج رہا، پورے دن میں 14 وکٹ گرے۔ ہوم سائیڈ کو پہلی اننگز میں 219 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد پاکستان دوسری اننگز میں137 رنز پر 8 وکٹیں گنوادیں ۔ البتہ پاکستان کو مجموعی طور پر 244 رنز کی برتری حاصل ہے۔ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ جمعہ کو اپنی دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن فیل ہوگئی۔ پہلی اننگز کے سنچری میکر شان مسعود اس بار ناکام رہے، 6 کے مجموعی اسکور پر اسٹیورٹ براڈ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، عابد علی بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر پائے اور 20 رنز پر ڈوم بیس کا نشانہ بنے۔ کپتان اظہر علی 18 رنز تک محدود رہے، بابر اعظم 5، اسد شفیق 29 ، شاداب خان 15 جبکہ شاہین آفریدی صرف دو رنز بناکرآئوٹ ہوگئے۔ یاسر شاہ 12 جبکہ محمد عباس صفر پر کریز پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم بڑی سبقت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، انگلینڈ کو فتح کیلئے مشکل ہدف دینا اب آسان نہیں ہوگا، ایسے میں پاکستان کی امیدوں کا محور بولرز ہی ہوں گے۔ قبل ازیں پاکستانی اسپنرز کی جادو گری نے انگلش بیٹسمینوں کو ان کے ہوم گرائونڈ پر بے بس کردیا،پاکستانی بیٹسمنوں نے عمدہ کارکردگی سے326رنز کا ہدف اسکور بورڈ کی زینت بنایا تھا، مگر میز بان کھلاڑی پاکستانی بولنگ لائن کے سامنے مزاحمت نہ کرسکے اور پوری ٹیم 219 رنز پر ہتھیار ڈال کر پویلین میں دبک گئی پاکستان نے اپنے بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 219 رنزپر آؤٹ کرکے 107 رنز کی برتری حاصل کرلی۔مانچسٹر ٹیسٹ میںکھیل کے دوسرے روز انگلینڈ کی ابتدائی چار وکٹیں 62 رنز پر حاصل کر لی تھی۔ تیسرے دن جمعے کو اولی پوپ 46 اور جوز بٹلر 15 رنز کے ساتھ میدان میں آئے۔اولی پوپ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد اسکور بورڈ میں اضافہ کرنے کی کوشش میں تھے،مگر نسیم شاہ کی شارٹ پِچ گیند پر ان کی ایج لگی اور شاداب خان نے ان کا کیچ پکڑا۔ انھوں نے آٹھ چوکوں کے ساتھ 62 رنز بنائے تھے اور بٹلر کے ساتھ 65 رنز کی شراکت قائم کی۔یاسر شاہ نے لنچ کے بعد اپنے پہلے اوور میں ایک سیدھی جاتی گیند سے جوس بٹلر کو بولڈ کیا۔ بٹلر انگلینڈ کے لیے میچ میں واپسی کے لیے اہم تھے لیکن وہ صرف 38 رنز بناسکے۔ڈوم بیس کریز پر زیادہ وقت نہ گزار سکے اور یاسر شاہ کی گھومتی گیند پر بیٹ سے لگی سلپ پر موجود اسد شفیق نے کیچ پکڑنے میں کوئی غلطی نہیں کی،کرس ووکس نے دو چوکوں کو ساتھ 19 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ شاداب خان نے اپنے دوسرے اوور میں پہلی وکٹ حاصل کی اور جوفرا آرچر کو 16 رنز پر کیچ آؤٹ کر دیا۔اس کے بعد شاداب نے جیمز اینڈرسن کو ایل بی ڈبلیو کیا۔یاسر شاہ نے 66 رنز کے عوض 4 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ محمد عباس اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

تازہ ترین