• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا کراچی ڈوبتا رہے گا؟ بارش سے پھر تباہی مچ گئی، گجر نالہ اوور فلو، گندا پانی گھروں میں داخل

بارش سے پھر تباہی مچ گئی، گجر نالہ اوور فلو، گندا پانی گھروں میں داخل


کراچی(اسٹاف رپورٹر)کیا کراچی ڈوبتا رہے گا؟بارش سے پھرتباہی مچ گئی ،گجر نالہ اوور فلو، گندا پانی گھروں میںداخل،سڑکیں تالاب،سیکڑوں گاڑیاں اورموٹر سائیکلیں بند ،شہر کے بیشتر علاقوں کی بجلی بھی گھنٹوں غائب، شہری پریشان ہو کر رہے گئے۔

 تفصیلات کے مطابق کراچی میں مسلسل دوسرے روز موسلادھاربارش سےشہر کی اہم شاہراہیں اور نشیبی آبادیاں ڈوب گئیں ،انڈر پاسز میں بھی پانی بھر گیا، سیکڑوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند اور خراب ہو گئیں، لوگ سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے سارا دن اور رات شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، موسلادھار بارش کےبعد متعلقہ ادارے نکاسی آب میں بے بس اورناکام نظر آئے۔

ہر جگہ پانی جمع ہو جانے پر زندگی مفلوج ہو گئی،بارش کے ساتھ ہی گجرنالہ ایک بار پھر بھر گیا، نالے کا پانی اوور فلو ہوکرگھروں میں داخل ہوگیا،نالہ اوور فلو ہونے کے بعد سے لیاقت آباد سے گجر نالے کی طرف جانے اور آنے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔

دیگر نالوں میں بھی طغیانی سے متصل علاقوں میں پانی داخل ہوگیا، اورنگی ٹائون چشتی نگر ،مزار قائد کے قریب شکار پور کالونی ، پی ای سی ایچ ایس بلا ک 6 ،ایڈمن سوسائٹی ،عزیز آباد نمبر 2 میں بارش کا پانی گھروںمیں داخل ہو گیا، ڈی ایم سی وسطی کے علاقوں نارتھ ناظم آباد ،بفر زون، شادمان ٹائون اور نیو کراچی کے برساتی نالے اوور فلو ہونے سے ناگن چورنگی سےمیٹرک بورڈ آفس شیر شاہ سوری روڈ پر 3سے 4اور بعض مقامات پر 5فٹ پانی جمع ہوگیا۔

شہر کی دیگر اہم شاہراہوں ایم اے جنا ح روڈ،آئی آئی چندریگر روڈ،ایوان صدر روڈ(گورنر ہاوس روڈ)،ڈاکٹر ضیاالدین احمد روڈ،قیوم آباد چورنگی،شاہراہ فیصل پر لال کوٹھی ،کارساز،ملیر کالا بورڈ، یونیورسٹی روڈ،نیپا چورنگی سمیت شہر کی متعدد شاہراہوں پر مختلف مقاما ت پر دو سے چار فٹ پانی جمع ہو گیا، ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی اور دیگر قریبی گلیوں میں حسب معمول پانی گھروں داخل ہو گیا۔

 شیر شاہ کباڑی مارکیٹ والی سڑک مکمل ڈوب گئی، بلدیاتی اداروں اور کنٹونمنٹ بورڈز کا عملہ پانی کی نکاسی میں مصروف رہا تاہم موسلادھار بارش کےبعد متعلقہ ادارے نکاسی آب میں بے بس اورناکام نظرآئے۔

دوسری جانب کراچی میں بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 600سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے،جمعرات کو بارش کے باعث معطل ہونےوالی بجلی متعدد علاقوں میں بحال نہ ہو سکی تھی کہ جمعے کو ایک بار پھر شہر کے تقریباً 70فی صد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، کئی علاقوں میں رات تک بجلی کی فراہمی بحال ہی نہ ہوسکی تھی اور لوگ پریشان تھے۔

شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن، عظیم پورہ میں 24گھنٹے سے بجلی معطل تھی، جامعہ ملیہ کے اطراف کے علاقے بھی بجلی سے محروم تھے، ان علاقوں کے مکینوں نے جمعے کوکے الیکٹرک دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا دیگر جن علاقوں سے بجلی بند ہونے کی اطلاعات ملیں ان میں اورنگی ٹاؤن، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن، گلستان جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، محمود آباد، ڈیفنس،اختر کالونی،کشمیر کالونی ،منظور کالونی،ایدمن سوسائٹی، بلدیہ ٹاؤن، اولڈ سٹی ایریا، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد ، نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد،کیماڑی،گلستان جوہر،اسکیم 33،گڈاپ سمیت شہر کے کئی علاقے شامل تھےکئی علاقوں میں رات تک بجلی بند ہونے کی اطلاعات ملیں۔ 

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی جاری ہے، نشیبی اور کنڈے والے علاقوں میں احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی، بارش اور تیز ہواؤں کے باعث چند مقامات پر بجلی کا تعطل ہے، سیفٹی کلیرنس ملتے ہی متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کر دی جائیگی۔

خبررساںادارے کےمطابق پی اے ایف بیس فیصل میں سب سے زیادہ 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،سرجانی ٹاون میں72 اعشاریہ 7 ، صدر میں 70 ، ایئرپورٹ اور اطراف میں 67اعشاریہ 7 ، یونیورسٹی روڈ پر 54اعشاریہ 4، گلشن حدید میں 52 اعشاریہ 5، لانڈھی میں 43اعشاریہ 6، ناظم آباد میں 39 اعشاریہ 5، نارتھ کراچی میں 33 اعشاریہ 3 اور کیماڑی میں 22ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔  

تازہ ترین