• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب متنازع ادارہ، انصاف کے پورے نظام میں تبدیلی کاحمایتی ہوں، فواد

نیب متنازع ادارہ، انصاف کے پورے نظام میں تبدیلی کاحمایتی ہوں، فواد 


کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نیب متنازع ادارہ ہے ،انصاف کے پورے نظام میں تبدیلی کا حمایتی ہوں ،میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ بلدیاتی سطح پر ہر چیز تباہ حالی کا شکار ہے جس کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے،سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہاکہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کے تاثر کو زائل کرے۔

میئرکراچی وسیم اختر کہا کہ جہاں تک کراچی کے نالوں کا معاملہ ہے کام تیزی سے ہو رہا ہے این ڈی ایم اے بھی کام کر رہی ہے اور موجودہ بارش کے نکاسی آب میں بہتری دیکھنے میں آ ئے گی اور شہر کی اہم شاہراہوں پر بڑے واٹر پمپ لگا دیئے گئے ہیں یہ بات بھی ماننے کی ہے کہ شہر میں سیوریج کا سسٹم تباہ ہو چکا ہے میئر نے مزید کہا کہ جب تک اختیارات ایک چھتری کے نیچے نہیں آئیں گے مسائل کا حل نہیں نکل پائے گااور کراچی جو کہ معاشی حب ہے وہ مسائل کا گڑ ھ بنتا جا رہا ہے بلدیات سطح پر ہر چیز تباہ حالی کا شکار ہے جس کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور جب تک بلدیاتی سطح پر بنیادیں مضبوط نہیں کی جائیں گی کراچی کے مسائل کا حل نہیں نکل پائے گا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنا لوجی فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز کیا گیا لاک ڈاوٴن سے متعلق فیصلہ ہمیشہ سے مشکل تھا اور مشکل ہے اور مشکل رہے گا این سی او سی کا ہمیشہ سے مقصد رہا ہے کہ جو تنخواہ دار طبقہ ہے جو دیہاڑی دار طبقہ ہے جو کاروباری طبقہ ہے ان کا بھی مفاد سامنے رکھتے ہوئے عوامی مفاد میں فیصلہ کرنا ۔

اسکول کھولنے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے بتایا کہ میری ذاتی رائے میں اسکول کھول دینے چاہئیں لیکن جو فیصلہ ساز ہیں اور جواسٹیک ہولڈرز ہیں ان کو اپنے تما م ترمعاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے چاہئیں۔

چاہے کوئی بھی سیاسی جماعت ہو سب سے پہلے پاکستان اور اُس کی ترقی ضروری ہونی چاہئے، اور ایف اے ٹی ایف کے بل سے متعلق منظوری بھی پاکستان سے وفاداری کی ایک مثال ہے۔

تازہ ترین