• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نالوں کی صفائی کا کام ادھورا، نشیبی علاقوں کے مکین پریشان

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے) موسم برسات شروع ہو چکا ہے مگر چکلالہ کینٹ ایریاز میں لئی نالہ کی صفائی کا عمل شروع نہیں ہو سکا اور نہ ہی اندرونی گلیوں کی نالیوں کی پوری طرح سے صفائی ہو سکی ۔ شہریوں کے مطابق ایک طرف تو ڈھوک چراغدین ، قاضی آباد اور جھنڈا چیچی کے علاقوں میں لئی نالہ کی صفائی نہیں کروائی جا رہی ہے، دوسری طرف لئی نالہ کے کناروں پر جہاں پرانا بلڈنگ میٹریل پھینکا جا رہا ہے وہاں بھینسوں کا گوبر بھی لئی میں پھینکا جا رہا ہے۔راولپنڈی کینٹ بورڈ کی طرف سے ایک درجن سے زائد نالوں کی دوبارہ صفائی کا عمل شروع کرنے کے دعوے تو کئے جا رہے ہیں مگر تنگ ایریاز سے نالوں کی اس قدر صفائی نہیں ہو سکی جس قدر ہونی چاہئے تھی ،بارش تیز ہونے کی صورت میں آبادیوں کے اندر سے گزرنے والے نالوں میں جہاں مشینری اتر نہیں سکتی وہاں پانی کی نکاسی کیلئے جگہ کم ہونے سے لوگوں کے گھروں میں پانی جانے کا بھی خدشہ ہے ۔ جھنڈا چیچی ، کوثر کالونی ، قاضی آباداور ڈھوک چراغدین کے مقامات پر لئی نالے کی فوری صفائی کی ضرورت ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر یہاں لئی نالہ کی صفائی نہ کروائی گئی تو پانی نشیبی ایریاز میں داخل ہونے کا خدشہ ہے ۔ ادھر واسا اور ایک پرائیویٹ کمپنی کی طرف سے مریڑ چوک تا کٹاریاں نالہ لئی کی صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے مگر چکلالہ اور راولپنڈی کینٹ ایریاز کے بازاروں اور گلی محلوں کی نالیوں کی فوری صفائی کی ضرورت ہے۔ شہریوں کے مطابق ڈھیری حسن آباد، جھنڈا چیچی، شالے ویلی، پیپلز کالونی ، ٹنچ بھاٹہ ، مریڑ حسن، ڈھوک چراغدین ، قاضی آباد ، گوالمنڈی، ٹاہلی موہری ، نصیر آباد، ڈھوک چوہدریاں، پشاورروڈ کی تمام لین، مغل آباد،مصریال روڈ، ویسٹریج ،کمال آباد ، ڈھوک سیداں روڈ کی آبادیوں ، فیکٹری کوارٹرزسمیت دیگر آبادیوں اور بازاروں کی اندرونی گلیوں اور سڑکوں کے گرد نالیوں کی فوری صفائی کی ضرورت ہے تاکہ مون سون بارشوں کے پانی کو نکاسی کیلئے جگہ مل سکے ۔لین نمبر فور اور ٹنچ بھاٹہ سے گزرنے والے نالوں کی بھی مزید صفائی کی جانی چاہئے۔
تازہ ترین