• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پاک فضائیہ کے نمبر دو ملٹری رول اسکواڈرن میں ملکی ساختہ جے ایف 17تھنڈر طیاروں کی باقاعدہ شمولیت دفاع وطن کے حوالے سے یقیناً ایک اہم سنگ میل ہے۔گزشتہ روز اس ضمن میں پی اے ایف ایئربیس مسرور میںمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فضائیہ کی خدمات کوزبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس یقین کے اظہار کے ساتھ ساتھ کہ پاک فضائیہ ملکی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، اس حقیقت کی نشان دہی بھی کی کہ اکیسویں صدی کی جدید فضائی قوت کی حیثیت برقرار رکھنے کیلئے پاک فضائیہ میں جدید جہازوں اور ہتھیاروں کی شمولیت ناگزیر ہے۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ جے ایف 17تھنڈر طیارہ ہماری صلاحیتوں کا ثبوت، ہمارے عزم کا شاہکار اور ہماری خود انحصاری کی بہترین مثال ہے۔ایئرچیف نے بتایا کہ نمبر دو اسکواڈرن کی ایک اہم ذمہ داری سمندری مواصلاتی نظام اور ساحلی علاقوں کی حفاظت بھی ہے چنانچہ اس اسکواڈرن میں جے ایف 17تھنڈر جیسے کثیر المقاصد طیارے کی شمولیت سے خطے میں دفاعی توازن کے قیام میں بڑی مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ پاک فضائیہ میںجے ایف تھنڈر طیاروں کی شمولیت کا آغاز 2007 ءسے ہوا اور اس وقت اس کے چار اسکواڈرن فضائیہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ نمبر دو اسکواڈرن کو بھی اب چینی ساختہ ایف سیون پی طیاروں کے بجائے جے ایف 17تھنڈر جیسے جدید طیاروں سے لیس کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں دفاع وطن کیلئے قابل فخر خدمات انجام دینے والا یہ اسکواڈرون اب مزید اعلیٰ صلاحیتوں کا حامل ہوگیا ہے۔ بلندیوں کی جانب پاک فضائیہ کی مسلسل پرواز بلاشبہ پوری قوم کیلئے اطمینان اور احساس تحفظ کا باعث ہے۔
تازہ ترین