• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

22 اگست 2016ءحملہ کیس کی سماعت 5 ستمبر تک ملتوی

کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 22اگست کو میڈیا ہاوسز پر حملے، سرکاری املاک کونقصان پہنچانے کے مقدمات میں تفتیشی افسرسمیت تمام فریقین کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید کاروائی 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران ایم کیو ایم رہنما قمر منصور، روف صدیقی ، فاروق ستار و دیگر پیش ہوئے، جبکہ اسپیشل پبلک پراسیکوٹر ساجد محبوب عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ اسپیشل پبلک پراسیکوٹر ساجد محبوب شہر سے باہر ہیں پیش نہیں ہوسکتے، مہلت دی جائے، جس پر عدالت نے کیس کی مزید کارروائی 5 ستمبر تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سمیت تمام فریقین کو حاضری یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ آرٹلری میں دو مقدمات سرکار کی مدعیت میں درج ہیں، عدالت بانی ایم کیو ایم سمیت 8ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

کراچی میں 22 اگست 2016ء کو ایم کیو ایم کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کی تھی جس میں ایک شخص جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہوئے تھے، جبکہ کیس میں فاروق ستار، عامر خان، قمر منصور، شاہد پاشا، کنور نوید جمیل اور دیگر نامزد ہیں۔

تازہ ترین