کراچی، لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز، خبرایجنسیاں)ملک بھر میں طوفانی بارشیں ، بلوچستان میں زمینی راستے منقطع ، کراچی ، لاہور میں زندگی مفلوج، 3 روز کی بارش کے دوران شہر قائد میں 15ہلاک،عزیز آباد میں گنداپانی گھروں میں داخل ، کورنگی کازوے ٹریفک کیلئے بند،نائی گج ڈیم کو بھی شدید نقصان،پاک فوج کی ٹیمیں سول انتظامیہ کیساتھ ریلیف آپریشن میں مصروف، شہر قائد میں بجلی بندش کا دورانیہ 14گھنٹوں تک پہنچ گیا ، شہری پریشان ، گوادر تا رتودیرو شاہراہ ایم 8پر لینڈ سلائیڈنگ ، مون سون سسٹم کی شدت برقرار، منگل تک بارشوں کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون کے چوتھے اسپیل میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا ہے، عزیز آباد بلاک 2 میں بارش اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، پہلے سے کیچڑ اور گندگی سے پریشان کشمیری محلے کے مکینوں کا مزید براحال ہوگیا۔کورنگی کاز وے کے مقام پر ملیر ندی کا پانی بہہ کر سڑک پر آگیا، پاک فوج کی ٹیمیں سول انتظامیہ کے ساتھ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ کراچی کے تینوں بڑے نالوں کی صفائی کا کام 100فیصد مکمل ہوگیا ہے اور تمام 42 چوک پوائنٹس کو کلیئر کردیا گیا ہے،کراچی میں 3 روز کی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق کرنٹ لگنے سے گلستان جوہر میں ایک شخص جاں بحق ہوا، کٹی پہاڑی پر 13 سالہ بچہ کاشان جاں بحق ہوا، میوہ شاہ قبرستان کے قریب ایک شخص جاں بحق ہوا، لانڈھی نمبر4 میں دکان کے شٹر سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔سٹی کوٹ اور سول اسپتال کے قریب کرنٹ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، ایک بچہ سرجانی ندی میں ڈوب کر جاں بحق ہوا، بنارس میٹرو سنیما کے قریب ندی کے اندربھی 6 سالہ بچہ ڈوب گیا جس کی لاش آج ریکسر ندی سے نکالی گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ملیر ماڈل کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوا، آج صبح بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا، لیاری جہان آباد میں گھر کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں 6 سالہ بچہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا جبکہ جوہر موڑ پر فلیٹ کے اندر کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوا، کھارادار تھانے کی حدود جوڑیا بازار میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ۔ اتحاد ٹائون تھا نے کی حدود بلدیہ آفریدی چوک کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان جاںبحق ، اسپتال میں متوفی کی شناخت 18 سالہ شا ہ دا د ولد پرویز کے نام سے ہوئی ہے ، میوہ شاہ قبرستان لیاری جہاں آباد میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاںبحق ہوگئے۔دوسری جانب شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کے بعد بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 14 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں کرنٹ لگنے کے واقعات گھروں کی اندرونی ناقص وائرنگ سے پیش آئے، کسی حادثے کا تعلق کے الیکٹرک کے انفرا اسٹرکچر سے نہیں ہے۔ادھر سندھ میں حالیہ بارشوں سے نائی گج ڈیم کو شدید نقصان پہنچا ، فیلڈ پروٹیکشن بند میں شگاف پڑ گیا جبکہ طوفانی بارشوں نے بلوچستان میں بھی تباہی مچادی،3 افراد جاں بحق ہوگئے،کئی مویشی بہہ گئے، گوادر تا رتودیرو شاہراہ ایم 8پر لینڈ سلائینڈنگ سے ٹریفک معطل ہوگئی ،متعدد علاقوں کا زمینی و مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا، آج سے منگل تک طوفانی بارشوں کا امکان ہے، ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر عبدالقیوم کے مطابق مون سون سسٹم کی شدت تاحال برقرار ہے اور بارش برسانے والے سسٹم کا پھیلاؤ بلوچستان تک ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق 9 اگست سے لے کر 11 اگست تک طوفانی بارشیں ہو سکتی ہیں۔