• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت سنگھ خودکشی کیس، دو ریاستوں کی پولیس آمنے سامنے آگئیں

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں برس جون میں خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کی تفتیش کا معاملہ سلجھنے کے بجائے الجھتا دکھائی دے رہا ہے۔ سشانت سنگھ کے والد اور ان کی سابق گرل فرینڈ ریا چکرورتی کی طرح اب دو بھارتی ریاستوں کی پولیس بھی اداکار کے کیس کی تفتیش کے معاملے میں آمنے سامنے آگئیں۔چند دن قبل بھارت کی مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو آگاہی دی تھی کہ اب سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش رکزی خفیہ ایجنسی سینٹرل بیورو انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کرے گی۔سشانت سنگھ کے والد نے اپنے بیان حلفی میں ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ان کے پاس ریا چکرورتی کے خلاف مناسب ثبوت موجود ہیں اور یہ کہ اب اداکار کی خودکشی کا کیس سی بی آئی دیکھے گی، اس لیے اداکارہ کی مقدمے کو ممبئی منتقل کرنے کی درخواست غیر اہم ہے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق ریاست بہار کے پولیس سربراہ کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان حلفی میں کہا گیا تھا کہ فوجداری مقدمات میں تھانے کی حدود کا خیال نہیں رکھا جاتا، اس لیے ان کے پاس دوسری ریاست میں ہونے والے جرم کی تفتیش کا اختیار ہے۔بہار پولیس نےاپنے بیان میںدعویٰ کیا کہ ممبئی پولیس ان کی تفتیش میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق بہار پولیس کے بعد مہارا شٹر پولیس نے بھی 8 اگست کو اپنا بیان حلفی جمع کرادیا، جس میں ممبئی پولیس نے سی بی آئی سے تفتیش کرانے کی مخالفت کی ہے۔ ممبئی پولیس نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ جرم ان کی حدود میں ہوا مگر اس کا مقدمہ بہار کے شہر پٹنہ میں داخل کیا گیا جو کہ غیر قانونی ہے۔ممبئی پولیس نے اپنے بیان میں سی بی آئی کی جانب سے کیس کی تفتیش کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ابھی تک عدالت نے واضح طور پر کیس سی بی آئی کو نہیں سونپا۔ممبئی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالت کی جانب سے واضح احکامات نہ ملنے تک سی بی آئی کو انتظار کرنا چاہیے تھا مگر اس نے جلد بازی سے کام لیتے ہوئے ابتدائی رپورٹ درج کرکے تفتیش بھی شروع کردی۔

تازہ ترین