• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبزی منڈی ہزارگنجی کی توسیع یقینی بنائی جائے‘حاجی عبدالسلام

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل کمیشن ایجنٹس یونین کے صدر حاجی عبدالسلام خان ، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان اور نائب صدر حضرت افغان نے کہا ہے کہ سبزی منڈی ہزار گنجی میں گزشتہ اڑھائی سال سے کمیشن ایجنٹ ، ماشہ خور ، چھابڑی فروش چند عناصر کے ذاتی و گروہی مفادات کی وجہ سے انتہائی مشکل صورتحال سے گزررہے ہیں ،آکشن گرائونڈ کو غیر ضروری طور پر متنازع بناکر ہزاروں غریب و محنت کش عوام کیلئے معاشی مشکلات پیدا کی جارہی ہیںسبزی منڈی ہزار گنجی میں عوام کو درپیش مشکلات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے سبزی منڈی ہزار گنجی کی توسیع کو یقینی بنایا جائے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری میر یٰسین مینگل ، حضرت علی اچکزئی ، لالئی ماما ، محب اللہ اور حاجی نیک محمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ فروٹ و سبزی کمیشن ایجنٹس یونین نے درپیش مشکلات حل نہ کئے جانے کے خلاف ہزار گنجی سبزی منڈی میں ماشہ خور و چھابڑی فروش یونینوں کو متحد کرکے غریب و محنت کش عوام کی معاشی و تجارتی مراکز کے تحفظ اور آکشن گرائونڈ پر یکساں بنیادوں پر کاروبار جاری رکھنے کیلئے حتی الوسع کوششیں کیں لیکن چند لوگوں نے ذاتی مفادات کی خاطر آکشن گرائونڈ کو بطور کرایہ استعمال کرنے کی ضد کی جس سے آکشن گرائونڈ پر کاروبار روز بروز جھگڑوں کی طرف بڑھتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی جو بقول ان لوگوں کے پچاس سال کا پراجیکٹ ہے 22سال کے بعد جس نہج پرپہنچایا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں سرکی روڈ سے منتقلی کے دوران سرکی روڈ سبزی منڈی میں بلدیہ مارکیٹ میں سبزی کے کاروبار سے منسلک آڑھتیوںکوایک بار پھر دکانوں سے محروم کردیا گیااورایسے لوگوں کے نام پر دکانیں الاٹ کی گئیں جو بائیس سال گزرنے کے باوجود آج تک سبزی منڈی میں ایک دن کیلئے بھی کاروبار یا بولی کے لئے نہیں آئے۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان ،صوبائی وزیرزراعت انجینئر زمرک اچکزئی سے اپیل کی کہ صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سبزی منڈی ہزار گنجی کی توسیع کو یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین