• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنجے دت 2 دن زیرعلاج رہنے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ بابا سنجے دت کو 2دن قبل8اگست کو سانس میں تکلیف کے باعث اسپتال داخل کرایا گیا تھا۔سنجے دت کو ممبئی کے نجی لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا۔خیال کیا جا رہا تھا کہ اداکار کو ممکنہ طور پر کورونا کی وجہ سے سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم خوش قسمتی سے ان کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے تھے۔طبیعت خراب ہونے پر اسپتال داخل کیے جانے کے حوالے سے خود سنجے دت نے بھی مداحوں کو ٹوئٹ کے ذریعے آگاہ کیا تھا اور انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ 2 سے 3 دن میں گھر واپس آجائیں گے۔اداکار کے اہل خانہ نے بھی سنجے دت کو کوئی بیماری نہ ہونے یا کورونا کی علامات نہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔اسپتال میں2دن تک زیر علاج رہنے کے بعد اداکار کو 10 اگست کو ڈسچارج کردیا گیا۔ بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 61سالہ اداکار کو 10اگست کی دوپہر کو ہی ڈسچارج کردیا گیا اور وہ خوشگوار موڈ میں اسپتال سے باہر نکلے۔ اداکار نے اسپتال سے باہر نکلتے وقت فوٹو گرافرز اور صحافیوں کو سلام بھی کیا۔ سنجے دت نے اسپتال سے نکلتے وقت چہرے پر فیس ماسک پہن رکھا تھا اور وہ تنہا ہی اسپتال سے باہر آئے اور گھر چلے گئے۔ سنجے دت نے حال ہی میں 61ویں سالگرہ منائی تھی اور مستقبل قریب میں وہ سڑک 2، بھوج اور تربوز نامی فلموں میں نظر آئیں گے۔سڑک 2 ہدایتکار مہیش بھٹ کی نوے کی دہائی کی فلم سڑک کا سیکوئل ہے اور وہ 21سال بعد کوئی فلم ڈائریکٹ کررہے ہیں۔

تازہ ترین