• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام پاکستانی 11اگست کو قومی یوم اقلیت منائیں، کونسلر جیمز شیرا

لندن( پ ر) رگبی کے سابق میئر کونسلر ڈاکٹر جیمز شیرا ستارہ پاکستان نے تمام پاکستانیوں پر زور دیاہے کہ وہ 11اگست کو قومی یوم اقلیت منائیں،کیونکہ مذہبی اقلیتوں کو مساوی حقوق کے حصول کیلئے ابھی طویل جدجہد کرنی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یوم اقلیت ہمیں قانون ساز اسمبلی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی اس تاریخی تقریر کی یاد دلاتی ہے جس میں انھوں نے اقلیتوں کے مساوی حقوق کا اعلان کیاتھا ۔انھوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں بانی قوم کی اس تقریر کے تناظر میں اقلیتوں کی صورت حال خاص طورپر اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ،سلامتی،ان کے وقار اور آزادی کیلئے حکومت کے کردار کا جائزہ لینا چاہئے، حال ہی میں پاکستان میں اقلیتوں کے حوالے سے عدم تحمل اور نفرت میں بے تحاشہ اضافے کے واقعات سے بیرون ملک پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہاہے ۔11اگست 1947 کو پاکستان کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے قائد اعظم نے کہاتھا کہ آپ کو اپنے مندروں،مساجد اورپاکستان میں موجود کسی بھی عبادت گاہ میں جانے کی پوری آزادی ہے ،آپ کا تعلق خواہ کسی بھی مذہب سے ہو مملکت کا اس سے کوئی واسطہ نہیں ہے ،انھوں نے کہا کہ قائد اعظم کے ان وعدوں کی یاد منانے اور پاکستان میں موجود اقلیتوں کی جانب سے ملک کی ترقی وخوشحالی اور دفاع کیلئے دی گئی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پاکستان میں سرکاری طورپر 11 اگست کو اقلیتوں کاقومی دن منایاجاتاہے ،اقلیتوں سے متعلق مقتول وفاقی وزیر شہباز بھٹی نے جنھیں مارچ 2011 میں قتل کردیاگیاتھا 2009 میں 11 اگست کو اقلیتوں کاقومی دن قرار دینے کی مہم شروع کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ سنگین چیلنجوں کے باوجود اقلیتوں نے مسلح افواج ،سول سروسز ،میڈیکل،عدلہ اور تدریسی شعبے میں پوری دل جمعی اور صبر استقامت کے ساتھ خدمات کی انجام دہی جاری رکھی ہے ،جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔انھوں نے کہا کہ اقلیتوں سے تعلق رکھنے جوگندر ناتھ منڈل، گروپ کیپٹن سیسل چوہدری،بریگیڈیئر (ر) سائمن شریف،جسٹس بھگوان داس،رابرٹ کورنیلس ،سسٹر رتھ لیوس اور دور حاضر کے ہیرو ڈاکٹر پیٹر جانسن ڈیوڈ اورندیب گل کی شاندار خدمات سے ظاہرہوتاہے کہ پاکستانی اقلیتیں قومی اور بین الاقوامی دونوں سطحوں پر پاکستان کی نمائندگی کا اہم کردار ادا کررہی ہیں اور بیرون ملک وطن کاسافٹ امیج بنارہی ہیں،کرسچین انسٹی ٹیوٹس بھی نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر کئی عشروں سے تعلیمی شعبے میں تمام پاکستانی طلبہ کی خدمات انجام دے رہے ہیں، اورتجارت ،سیاست ،سائنس اور آرٹس کے شعبوں میں قائدانہ صلاحیتوں کی شخصیات سازی کے ذریعے ملک کو ترقی دینے کے حوالے سے اپنا کردار اداکررہےہیں ،برطانیہ میں پاکستانی اقلیتوں کے قائدین مثلاً مائیکل میسے،ڈاکٹر پیٹر جانسن ڈیوڈ، ڈاکٹرنوشابہ خلجی،کونسلر مورس جانز ،ایڈووکیٹ قمر شمس ،ریورنڈ جون بوسکو اور قمر رفیق نےجیمز شیرا کے اس بیان کی تائید کی ہے اور حکومت پر زور دیاہے کہ وہ مذہبی آزادی اوراقلیتوں کے تحفظ کویقینی بنانے کیلئے فوری اقدام کرے ۔

تازہ ترین