• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین کا ہانگ کانگ کیخلاف پابندی پر اتفاق

برسلز/ واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) یورپی یونین نے ہانگ کانگ کو نگرانی یا سراغ رسانی سے متعلق ٹیکنالوجی کی برآمدات کو روکنے سے اتفاق کیا ہے، جب کہ جرمنی کا کہنا ہے کہ اب ہانگ کانگ کے ساتھ اس کا وہی رویہ ہوگا جو چین کے ساتھ رہا ہے۔ یورپی یونین نے یہ فیصلہ ہانگ کانگ میں چین کی طرف سے متنازع سلامتی قانون کے نفاذ کے رد عمل میں کیا ہے۔ اس کا خیال ہے کہ ہانگ کانگ کو ٹیکنالوجی فراہم کرنے سے وہاں شہریوں کی نگرانی رکھنے میں مدد ملتی ہو۔ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ نئے سلامتی قانون سے نیم خود مختار ہانگ کانگ میں عوام کی آزادی اور ان کے حقوق خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو اور سیکرٹری دفاع مارک ایسپر نے واشنگٹن میں اپنی آسٹریلوی ہم منصبوں کے ساتھ 2 روزہ اجلاس میں چین کے ساتھ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں چین کے حوالے سے عالمی قانون برقرار رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ امریکی وزرا نے کہا کہ آسٹریلیا اہم اتحادی ہے اور دونوں ممالک بحیرۂ جنوبی چین پرملکیت کے چینی دعوے کو چیلنج کریں گے۔ تاہم آسٹریلوی وزرا کا کہنا تھا کہ وہ امریکا کی تمام باتوں سے اتفاق نہیں کرتے۔ آسٹریلیا عالمی قانون کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے، مگر چین کے ساتھ اس کے تعلقات بہت اہم ہیں۔ آسٹریلیا کے حکومتی نمایندوں نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات کو خراب کرنے کا آسٹریلیا کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

تازہ ترین