• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیروت دھماکے کرپشن کا شاخسانہ، لبنانی وزیر اعظم، کابینہ سمیت مستعفی

بیروت دھماکے کرپشن کا شاخسانہ، لبنانی وزیر اعظم، کابینہ سمیت مستعفی


بیروت (جنگ نیوز) لبنان کے دارالحکومت بیروت میں گزشتہ ہفتے تباہ کن دھماکوں اور حکمران طبقے کے خلاف وسیع پیمانے پر عوامی احتجاج کے بعد لبنان کے وزیر اعظم حسن دیب اور ان کی کابینہ نے استعفیٰ دیدیا ہے۔

ٹی وی پر اپنے خطاب میں لبنانی وزیراعظم حسن دیب نے دھماکوں کو کرپشن کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بندرگاہ پر 7سال سے دھماکا خیز مواد کی موجودگی کرپشن تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ مستعفی ہو کر ایک قدم پیچھے ہٹ رہے ہیں تاکہ عوام کیساتھ مل کر تبدیلی کیلئے لڑ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خدا لبنان کی حفاظت کرے، یہ الفاظ انہوں نے تین مرتبہ دہرائے، لبنانی صدر مائیکل عون نے ان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے عبوری کابینہ کے قیام تک حکومت کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔

 لبنانی عدالت کے جج نے بیروت میں گزشتہ ہفتے ہونے والے تباہ کن دھماکوں سے متعلق سکیورٹی ایجنسیوں کے سربراہوں سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

اقوام متحدہ اور فرانس کے ایما پر لبنان کے لیے بلائی گئی ایک ڈونر کانفرنس میں شریک عالمی رہنمائوں نے لبنان کو 300 ملین یورو کی مالی امداد کا وعدہ کیا ہے۔

انسانی بنیادوں پر یہ امدادی رقم براہ راست لبنانی عوام کو دی جائیگی۔ 

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے لبنانی وزیر صحت وزیر حماد حسن کے حوالے سے بتایا کہ لبنانی وزیر اعظم حسن دیب کابینہ کے گروپ نے استعفیٰ پیش کرنے کے لیے صدارتی محل کا رخ کرلیا ہے۔خ

یال رہے دو روز قبل لبنان کے وزیر اعظم حسن دیب نے دھماکوں کے بعد قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ملک کے بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ قبل از وقت انتخابات کی تجویز پیش کرنے والا مسودہ بل پیش کریں گے۔

دوسری جانب حکومت مخالف مظاہروں کے دوسرے دن لبنانی پولیس نے بیروت میں پارلیمنٹ کے قریب سڑک بند کرنے اور پتھراؤ کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کے لیے آنسو گیس فائر کی، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ وزیراعظم کابینہ سمیت استعفیٰ دے دیں۔

بیروت میں 2 ہزار ٹن سے زائد امونیم نائٹریٹ کے دھماکے میں 168 افراد ہلاک اور 6 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد عوام کا حکومت سے دستبردار ہونے کا مطالبہ زور پکڑ گیا تھا۔

تازہ ترین