• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب بھر کی خصوصی عدالتوں سے زیرسماعت مقدمات کی تفصیلات طلب

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) لاہور ہائی کورٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے ایک مراسلے کے ذریعے پنجاب بھر کی تمام احتساب عدالتوں، انٹی کرپشن عدالتوں، انسداد دہشت گردی، چائلڈ پروٹیکشن، ڈرگ کورٹس، کنزیو مر کورٹس، انٹلیکچول پراپرٹی ٹریبونل، ایل ڈی اے ٹریبونل، لیبر کورٹس، پنجاب لائیو سٹاک ٹریبونل، پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹریبونل، اے این ایف کورٹس، سپیشل کورٹس سینٹرل، سپیشل کورٹس (بینک جرائم)، سپیل کورٹس کسٹم، ٹیکسیشن وانٹی سمگلنگ، پنجاب ریونیو اتھارٹی اور بینکنگ کورٹس سے سال 2018تک کے زیرسماعت مقدمات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں ۔ ہر جج سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ وہ ان مقدمات کے فیصلے کب تک کر سکتے ہیں۔ان عدالتوں سے یہ تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں کہ یکم جنوری 2019سے 31جولائی 2020تک ڈیڑھ سال میں کتنے مقدمات کے فیصلے کئے، کتنے نئے مقدمات دائر ہوئے اور فیصلے شدہ مقدمات میں کتنے کیسز کنٹیسٹڈ اور کتنے ان کنٹیسٹڈ تھے۔ 31جولائی 2020کو ہر عدالت میں زیرسماعت مقدمات کی تعداد کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امکانات یہ ہیں کہ ان تفصیلات کی فراہمی کے بعد عدالت عدالیہ لاہور سے مقدمات کی جلد سماعت کے حوالے سے اہم احکامات جاری کئے جائیں گے، یہاں اس امر کا ذکر ضروری ہے کہ پنجاب کی بالخصوص احتساب عدالتیں، بینکنگ کورٹس اور انٹی کرپشن کورٹس میں برسہا برس پرانے مقدمات کی تعداد بہت زیادہ ہے اور کئی عدالتوں میں تو دس دس برس سے بھی زائد کے مقدمات زیر التوا ہیں۔
تازہ ترین