• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ لوگ سیاسی جماعتوں کو احتجاج پر مجبور کررہے ہیں، جاوید لطیف

مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ یہ لوگ سیاسی جماعتوں کو احتجاج پر مجبور کررہے ہیں، ہم فیصلہ کرچکے ہیں  اس حکومت سے نجات دلانی ہے۔

نیب آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ دو سال سے قوم کو پتہ نہیں چلا کہ حکومت کون چلارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو سال سے یہ سب کو پتہ ہے کہ عمران خان نیب کو چلا رہے ہیں،کیونکہ نیب کو مالم جبہ، بلین ٹری، فارن فنڈنگ کیس، چینی ادویات اسکینڈل نظر نہیں آتے۔

جاوید لطیف کاکہنا تھا کہ غیر منتخب حکومت کو تحفظ دینے والے 20 کروڑ عوام تحفظ کیوں نہیں دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں کوئی جماعت یہ نہیں کہہ سکتی کہ حکومت نہیں گرنی چاہیے، ہم اے پی سی میں مشترکہ فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے مریم نواز کو رائے ونڈ میں خلافِ قانون اور خلافِ ضابطہ اراضی انتہائی سستے داموں خریدنے کے الزام میں انکوائری کے لیے آج طلب کر رکھا ہے۔

مریم نواز آج صبح 11 بجے نیب کے روبرو پیش ہو کر اپنا مؤقف پیش کریں گی۔

نیب ذرائع کے مطابق مریم نواز کے نام 1 ہزار 440 کنال زمین 2013ء میں منتقل ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق نیب کا کہنا ہے کہ زمین کی منتقلی میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا، شریف فیملی کی اراضی کے ارد گرد تعمیرات کو روکنے کے لیے اراضی کو گرین لینڈ قرار دیا گیا تھا۔

انکوائری میں سابق ڈی سی لاہور نور الامین مینگل اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کو بھی طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین