• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ظلم کے باوجود شہدائے کشمیر کا مشن جاری رہے گا،علی رضا سید

برسلز (حافظ انیب راشد ) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور ظلم کے باوجود شہدائے کشمیر کا مشن جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حریت کانفرنس کے رہنماء شہید شیخ عبدالعزیز کی بارہویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے شہید شیخ عبدالعزیز کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید شیخ عبدالعزیز نے ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کردی تھی اور اسی مشن کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے اپنی جان بھی دے دی۔ یاد رہے کہ شیخ عبدالعزیز گیارہ اگست 2008 کو مقبوضہ کشمیر میں سری نگر سے لائن آف کنٹرول کی طرف ایک پرامن احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بنے اور جام شہادت نوش کیا۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ ہم کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ان کا عظیم مشن جاری رہے گا۔ شیخ عبدالعزیز ایک پر عزم اور حوصلہ مند کشمیری رہنماء تھے جنہوں نے جان کی قربانی دے کر تحریک آزادی کو ایک نئی سمت پر گامزن کیا اور حریت پسندوں کو ایک نیا حوصلہ اور ولولہ دیا۔ علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ ایک سال سے مقبوضہ کشمیر میں ملٹری لاک ڈاؤن نافذ ہے اور کشمیری عوام بنیادی شہری اور انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھی چاہیے کہ بھارت کا ظالمانہ چہرہ بے نقاب کریں اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔
تازہ ترین