• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاونین، مشیر تعیناتی کیس، حکومت کی التواء کیلئے درخواست، کیا مدت پوری ہونے تک ملتوی کردیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر وفاق کو دلائل کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

 جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ پہلے بھی اسی نکتے پر التوا مانگا گیا ، معاملے کو طول دیا جا رہا ہے، کیا حکومت کی مدت پوری ہونے تک کیس ملتوی کر دیں؟ کیا فیڈریشن کے پاس دلائل دینے کیلئے وکیل ہی نہیں؟ 

منگل کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے وزیراعظم کے خصوصی معاونین کی تعیناتیوں اور ان کی کابینہ کمیٹیوں میں شرکت کیخلاف دو درخواستوں کی سماعت کی۔ 

ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے بتایا کہ یہ کیس ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کو اسائن ہوا ہے ، انہیں ایمرجنسی میں انگلینڈ جانا پڑا ، واپسی پر وہی دلائل دیں گے۔ 

بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے کہاکہ میں نے اپنی درخواست میں اعتراض کیا ہے کہ کابینہ کمیٹی میں غیر منتخب لوگ نہیں بیٹھ سکتے ، ہمیں وزیراعظم کے معاونین خصوصی کے تقرر پر کوئی اعتراض نہیں۔

 جی ایم چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم نے تو اپنی درخواست میں وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تقرریوں کی چیلنج کر رکھا ہے۔

اگر درخواست منظور اور تعیناتیاں ہی کالعدم ہو گئیں تو آپ کی درخواست کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔

تازہ ترین