• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم کی گاڑی پر پتھر نہیں لگا، لیزر گن سے فائر کیا گیا، رانا ثناء


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ درپردہ منصوبہ مریم نواز کی گاڑی پر حملہ کرنا تھا، شہبازشریف نے مریم نواز کے ساتھ پریس کانفرنس میں بیٹھنے کی ڈیوٹی میری اورشاہدخاقان کی لگائی تھی۔

میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہاکہ نیب کے دفتر کے باہرجو کچھ بھی ہوا اس کا ذمہ دارکون ہے۔ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مریم نواز کی گاڑی کو پتھر نہیں لگا حکومت اس کی تحقیقات کرے، آج تک ایسا پتھر نہیں دیکھا جو بلٹ پروف گاڑی کا شیشہ بریک کردے۔

مجھے لگتا ہے اردگرد کی عمارتوں سے لیزرگن سے فائر کیا گیا جومریم نواز پر براہ راست قاتلانہ حملہ تھا، مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب دفتر کے اطراف دو سے تین میل تک علاقہ کیوں بند کیا گیا۔

اس کی وجہ سے پورے شہر میں ٹریفک جام رہا، ن لیگ کے کارکن بھی کئی میل پیدل چل کر وہاں پہنچے، ن لیگ کے کارکنوں نے تین گھنٹے دھوپ میں مریم نواز کا انتظار کیا مگرایک پتہ بھی نہیں ٹوٹا۔

 رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ نیب دفتر کے باہر جمہوری طور پر خاموش رہ کر اپنی لیڈر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے گئے تھے، ن لیگ کے کارکن پتھراؤ سے زخمی ہوئے پولیس کا کوئی اہلکار زخمی نظر نہیں آیا، ہمارے کارکنوں پر کیمیکل اسپرے، لاٹھی چارج اور ا ٓنسو گیس شیلنگ کی گئی۔

 مریم نواز کی نیب میں طلبی کا اشتہار ن لیگ نے نہیں دیا تھا، نیب میڈیا ٹرائل کر کے لوگوں کی عزتیں خراب کرتا ہے۔

مریم نواز مرکزی جماعت کی لیڈر ہے، مریم نواز کی گاڑی روکنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی، اس تمام واقعہ کے پیچھےدرپردہ منصوبہ مریم نواز کی گاڑی پر حملہ کرنا تھا۔

تازہ ترین