• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے زیرقبضہ کشمیر میں انسانیت کیخلاف جرائم کا احتساب کیا جائے، نفیس زکریا، پاکستان ہائی کمیشن لندن میں جشن آزادی کی تقریب

لندن ( نیوز ڈیسک ) پاکستان کا 74 واں جشن آزادی ہائی کمیشن لندن پر قومی پرچم لہرا کر منایا گیا۔ ہائی کمشنر نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا احتساب کیا جائے۔اس موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ ہائی کمشنر نفیس زکریا نے قومی ترانے کی دھن کے پس منظر میں پرجم کشائی کی۔ کورونا وائرس وبا اور برطانوی حکومت اور حکومت پاکستان کی جانب سے سوشل ڈسٹنسنگ کی پابندی کے پیش نظر تقریب انڈور کی گئی جسے مشن کے فیس بک پر لائیو نشر کیا گیا۔ تقریب میں عملی طور پر ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کمیونٹی سے اپنے خطاب میں ہائی کمشنر نے تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی اور امن ، سا لمیت اور ملکی ترقی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی بڑی تعداد میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت پر ہمیں ہمیشہ فخر محسوس ہوتا ہے اور ہم خود کو مضبوط محسوس کرتے ہیں۔ اس موقع پر ہائی کمشنر نے قائد اعظم ، علامہ اقبال اور تحریک پاکستان کے دیگر ہیروز کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنھوں نے اپنے عزم صمیم اورمتحرک قیادت کے ذریعہ برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد ریاست تشکیل دی۔انہوں نے کہا کہ آج ہم ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنھوں نے نہ صرف اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں ، بلکہ انہوں نے اپنے خاندان اور اپنا مال و اسباب اس وطن کے لئے کھو دیا جہاں وہ اور ان کی آنے والی نسلیں آزادی ، وقار اور مساوات کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔مسٹر زکریا نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے پوری لگن کے ساتھ دنیا کے نقشے پر ایک نیا ملک پاکستان حاصل کیا ، اس کو پروان چڑھایا اور ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے پیارے وطن پاکستان کے تحفظ ، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے مادر وطن کے دفاع میں حتمی قربانیوں پیش کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آج ناقابل تسخیر دفاع کے ساتھ ایک مضبوط ملک ہے۔ معیشت کا جائزہ لیتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی معاشی اصلاحات کی وجہ سے ، پاکستان معاشی استحکام حاصل کر چکا ہے اور ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گا مزن ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کے تمام شعبوں میں حقیقی صلاحیتوں کے تحت آگے بڑھنے کے لئے پرعزم ہے۔مسٹر زکریا نے مزید کہا ، خطے میں ، پاکستان کا معاشی استحکام عالمی بینک ، جے پی مورگن ، موڈی بلومبرگ اور دیگر مانیٹرنگ اداروں کی رپورٹوں سے ظاہر ہوتا ہے جو پاکستان کو سرمایہ کاری ، کاروبار اور سیاحت کے لئے ایک پرکشش ملک قرار دیتے ہیں۔مسٹر زکریا نے کہا کہ کوویڈ۔19کی وبا نے دنیا بھر میں انسانی جانوں اور معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے ، تاہم حکومت پاکستان اپنے قبل از وقت ردعمل اور موثر پالیسی کی وجہ سے جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔ یوم آزادی کی ایسی ہی تقریبات برمنگھم ، بریڈ فورڈ ، گلاسگو اور مانچسٹر میں پاکستان کے دیگر چاروں قونصل خانوں میں بھی منعقد کی گئیں۔

تازہ ترین