اسلام آباد ( مہتاب حیدر ) وزیر اعظم کے تعمیراتی پیکج کے لئے اعلان کردہ ایمنسٹی اسکیم کے ذریعہ دستیاب مراعات سے استفادہ کر نے والے 40 پروجیکٹس کی رجسٹریشن کیساتھ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے متعلقہ سرکاری محکموں پر راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر نے کا الزام لگایا ہے ۔
اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لئے ایف بی آر کے ساتھ رجسٹریشن کرانے کے لئے 16 ہفتے باقی رہ گئے ہیں ،ابھی تک متعلقہ حکام نے آگے بڑھنے کا اشارہ نہیں دیا ہے ۔جس کی وجہ سے ڈیولپرز اور بلڈرز کے لئے پیشگی شرائط پوری کر نے مین مشکلات کا سامنا ہے ۔
کورونا وائرس کے نتیجے میں اقتصادی بد حالی کے بعد اس مرحلے میں اگر ایک ہزار پروجیکٹس شروع کئے جا سکتے ہیں تو اس سے اقتصادی و معاشی سرگرمیوں کی بحالی کی ابتدا ہو سکتی ہے ۔
زیڈم انٹرنیشنل کے سی ای او چوہدری عبدالمجید نے ایک ملاقات میں کہا کہ اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور اقتصادی سرگرمیوں کی ابتدا ہو سکتی ہے ۔
ایف بی آر کے اعلامیہ کے مطابق 40 پروجیکٹس کی رجسٹریشن ہوئی ہے ۔
جبکہ آئی آر آئی ایس سسٹم میں رجسٹریشن کے لئے 4812 منصوبوں کے مسودے تیار ہیں ،تاہم ایف بی آر کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی بہت کچھ ہو نا باقی ہے ۔
اس کے لئے تمام متعلقہمحکموں اور حکام کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی ۔ ورنہ یہ کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔