• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ وادی میں بھی پاکستان کے یوم آزادی کا جشن، شاندار آتش بازی

سرینگر (جنگ نیوز )مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کے یوم آزادی کا جشن منایا گیا،دوسری جانب سرینگر میں بھارتی پولیس پر حملے میں دو اہلکار ہلاک ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق 14اگست کو پاکستانی کے یوم آزادی کے موقع پر کشمیری عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور شاندار آتشبازی بھی کی گئی جبکہ وادی کے مختلف حصوں میں ’’ہم پاکستانی ہیں‘‘،’’ہمیں آزادی چاہیے‘‘اور ’’پاکستان زندہ باد ‘‘کے نعرے گونجتے رہے ۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں بھارتی پولیس کے 2اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر میں ناؤگام بائی پاس کے قریب پولیس پارٹی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہوگئے۔ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، حملے کے بعد پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا۔ فوری طور پر کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ،دوسری جانب یوم آزادی پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں سخت سیکیورٹی نافذ کی گئی اور جگہ جگہ بھارتی فوج کے اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے، اس کے باوجود غیور اور بہادر کشمیریوں نے پاکستان کے حق میں ریلیاں نکالیں اور جشن منایا۔

تازہ ترین