• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ،جامعات میں یوم آزادی تقریبات، کشمیر کیلئے دعائیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)14 اگست کو کراچی کی جامعات میں جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پرچم کشائی کی تقریب میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر بلدیات جنگلات اور مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے آباو اجداد کی بے شمار قربانیوں کا نتیجہ اور سیاسی اختلافات سے قطع نظر ہم سب پاکستان کی محبت میں متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے اساتذہ اورا سٹاف کو سراہا۔انہوں نے کشمیر کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے بھی دعا کی۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع کے ساتھ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے یونیورسٹی کیمپس میں نئی تعمیر شدہ مسجد کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے صوبائی وزیر اور ممبر اسمبلی لال چند اکرانی ، ڈین سندھ میڈیکل کالج پروفیسر غلام سرور قریشی، ڈین میڈیسن پروفیسر اقبال آفریدی، رجسٹرار پروفیسر سعدیہ اکرم، اور دیگر اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔ 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے جوہمارے بزرگوں اور آباؤ اجدا د کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔گذشتہ 73 برس میں ہم نے پاکستان میں بہت کچھ دیکھاپاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد کئی حلقوں کی طرف سے یہ پروپیگنڈا کیاگیا کہ پاکستان کا قیام عارضی ہے اور بہت جلد پاکستانیوں کو احساس ہوگاکہ انہوں نے غلطی کی لیکن آج 73 سال بعد ہم نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا قیام کو ئی غلطی نہیں ہے اور قائد اعظم محمد علی جناح کا ویژن بالکل درست تھا اور ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بھی اس پاک سرزمین کی حفاظت کریں گے،ہم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جو اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرکے پاکستانی کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں اور پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنایا ۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے دفترمشیر امورطلبہ کی میوزک سوسائٹی کی طرف سے تیارکردہ ملی نغمہ ’زمینِ وطن‘بھی ریلیز کیا گیا۔تقریب میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہواجس کے بعد حمد ونعت پیش کی گئی ،ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شیخ الجامعہ نے پرچم کشائی کی۔تقریب میں تمام روئسائے کلیہ جات ،رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹرسلیم شہزاد ،صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک ،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ یوم آزادی کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یادرکھنا چاہیئے، کشمیر ی عوام کروناوائرس کی صورتحال سے قبل ہی گذشتہ ایک سال سے بھارتی فوج کی جانب سے عائد کردہ بدترین لاک ڈائون کی صورتحال سے دوچار ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر زرناز واحد نےیونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں منعقد ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیا ں لازوال ہیں، ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی برادری کے سامنے یہ مسئلہ اجاگر ہو اور ہمارے کشمیری بھائی ایک دن آزاد فضاؤں میں سانس لے سکیں، وہ دن ضرور آئے گا اور وہ دن بہت قریب ہے، ، قبل ازیں قومی ترانہ پڑھا گیا، اس موقع پر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر کرتار ڈوانی، رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق، پروفیسر زیبا حق، پروفیسر رملہ ناز، پروفیسر شاہین شرافت، پروفیسر سنبل شمیم، پروفیسر نورجہاں، پروفیسر فوزیہ امتیاز، پروفیسر امینہ طارق اور پروفیسر شاہجہان کٹپر سمیت سینئر فیکلٹی ممبرز موجود تھے، انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کی باعث ہمارے ڈاؤ یونیورسٹی کے بہت سے ساتھی اپنے رب کے حضور پیش ہوگئے آج کے دن کے موقع پر ہم ان کے درجات کی بلندی کے دعا کرتے ہیں، کورونا وبا کے دوران ڈاؤ یونیورسٹی نے اپنے وائس چانسلر کی قیادت میں فرنٹ لائن کے سپاہی کا کردار ادا کیا، آج بھی ڈاؤ یونیورسٹی سندھ حکومت کی معاونت سے ڈیرھ سو افراد کی روزانہ اسکریننگ کر رہی ہے، 200 بستر کا وبائی امراض کا اسپتال ڈاؤ یونیورسٹی کے زیرِ انتظام چل رہا ہے۔وفاقی اردو یونیورسٹی میں پاکستان کے73ویں یوم آزادی کے موقع پرشیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیرنے گلشن اقبال کیمپس میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہی ادارے اور ملک ترقی کرتے ہیں جن کی اقوام محنت اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں لوگوں کا لہو شامل ہے ہمیں اس وقت جن اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے اس میں پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔یوم آزادی کی تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیر،سینٹ کے رکن ڈاکٹرسید طاہر علی،ڈاکٹر افتخار احمد طاہری،ڈاکٹر سید اختر رضاٹریثرار عاصم بخاری،اقبال نقوی،نجم العارفین،ڈاکٹرکوثر یاسمین،پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد،انجمن غیر تدریسی ملازمین ویلفیئرایسوسی ایشن کے صدر محمد عدنان اختر، کیمپس آفیسر سید دانش علی، عاطف اسرار سمیت تدریسی وغیر تدریسی عمال کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تازہ ترین