• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں اسلامی اور صدارتی نظام کے نفاذ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،ایچ اے پی پی

کوئٹہ(این این آئی)ہم عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی چیئرمین طاہر عزیز خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ بھی اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے دوسرے صوبوں کے لوگ ہیں ماضی میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرنا ہوگا،پاکستان اللہ رب العزت کا عظیم تحفہ ہے، یوم آزادی پاکستان ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے مملکت خداداد پاکستان کے لیے جانیں قربان اور آزاد اسلامی ریاست کا قیام عمل میں لایا، لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے کر حاصل کیا جانے والا ملک ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ اس کے چپے چپے کی حفاظت اپنی جان سے بڑھ کر کریں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کی رات ہاکی گرائونڈ میں ہم عوام پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جلسے سے وائس چیئرمین امداد حسین نقوی ،وائس چیئرمین لطیف بلوچ اور وائس چیئرمین سردار ناصر خان نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قائم رہنے کے لئے بنا ہے اور رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا دنیا کی کوئی طاقت اسے ختم نہیں کرسکتی چند مفاد پرست سیاستدانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو تباہ کر نے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے وقت آگیا ہے کہ قوم یکجا ہو کر کرپٹ اور مفاد پرست سیاسی جماعتوں، سیاستدانوں، حکمرانوں اور پاکستان کے دشمنوں سے نجات حاصل کرے۔ قائداعظم کے فرمان کے مطابق ہم عوام پاکستان کے پلیٹ فارم پر عوام متحد ہو جائیں تا کہ وطن کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔طاہر عزیز نے کہا کہ ملک میں صدارتی نظام کے نفاذ کے لئے ہم عوام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھی گئی ہے پارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد ملک پرقیام پاکستان سے لیکر آج تک مسلط پارلیمانی نظام کا خاتمہ اوراسلامی صدارتی نظام کا نفاذ ہے کیونکہ موجودہ پارلیمانی نظام قائداعظم کے اصولوں پرعملدرآمد ،انصاف اور سہولیات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام پاکستان پارٹی ملک میں اسلامی صدارتی نظام کے نفاذ تک چین سے نہیں بیٹھے گی اوراس سلسلے میں عوامی قانونی محاذوں پر جنگ لڑیں گے اورآج کا جلسہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ 
تازہ ترین