• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PNCA میں ’میری پہچان پاکستان‘ محفل موسیقی کا انعقاد

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام جشن آزادی کے سلسلے میں پہلا براہ راست پروگرام ’ میری پہچان پاکستان ‘ کے عنوان سے پیش کیا گیا۔

 محفل موسیقی میں نوجوان گلو کار وں اور نیشنل پرفارمنگ آرٹس گروپ کے فنکاروں نے پاکستان کے قومی نغمے اور علاقائی رقص پیش کیے، پروگرام کے افتتاحی کلمات میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور ہمیں یہ لاکھوں قربانیوں کے بدلے میں ملی ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے اور پوری قوم کو یہ دن بھر پور طریقے سے منانا چاہے۔

انہوں نے کہا کہ  ثقافت قوموں کی پہچان ہوتی ہے، پاکستان تاریخی ثقافتی ورثہ کا مالک ہے، ثقافتی اداروں کو پاکستان کے مثبت تشخص اورثقافت کو پوری دنیا میں اجاگر کرنا چاہیے، پی این سی اے پاکستان کے تمام اکائیوں اور علاقائی ثقافتی رنگوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا اہتمام کر رہا ہے ۔

 ڈاکٹر فوزیہ سعید نے نوجوان فن کاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے اس پروگرام میں ان نوجوان فن کاروں کو فنی مہارت کا مظاہر ہ کرنے کا موقع دیا ہے اور آئندہ کے پروگراموں میں بھی ان کی صلاحیتوں استفادہ حاصل کیا جائے گا، ان پروگراموں کے ذریعے نوجوان نسل کو اپنی ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا ہوتا ہے۔

ملک میں کووڈ - 19 کے بعد معمولات زندگی بحال ہو رہے ہیں اور ہر شعبہ زندگی کے فرد کا اپنا اپنا حصہ ڈالنا پاکستان سے محبت کی دلیل ہے، پی این سی اے نے آج کے پروگرام سے براہ راست پروگراموں کا آغاز کر دیا ہے۔

اس پرگرام کی ابتداء قومی ترانے کی گئی اور نوجوان گلوکاروں ماہ نور، الطاف، حارث الحق، خان شارخ، مہر انجم، حومیل راجپوت، سوہنیا عزیز اور کاشف علی نے ملی نغمے اور گیت "دل دل پاکستان"، "وطن کی مٹی گواہ رہنا"، "میرا دل ہے پاکستان میری جاں ہے پاکستان"، "اے جذبہ جنون"، "یہ وطن تمہارا ہے"، "ہم زندہ قوم ہیں "، "جنون سے اور عشق سے ملتی ہے آزادی" جدید انداز میں پیش کیے۔

نیشنل پرفارمنگ آرٹس گروپ کے فن کاروں نے سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر، خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے لوک رقص پیش کیے۔

تازہ ترین