• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز، کورونا لاک ڈاؤن کے باوجود پاکستانی کمیونٹی کاجشن

کورونا لاک ڈائون کی پابندیوں کے باوجود یورپین دارالحکومت برسلز میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے جشن آزادی کی تقریبات کا اہتمام کیا ۔ 

اس موقع پر کیک کاٹے گئے اور وطن اور بانیان پاکستان کی محبت کے لیےاپنے خیالات کا اظہار کیا گیا۔

اس حوالے سے ممتاز سیاسی و سماجی رہنما سردار صدیق خان نے ایک تقریب مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کی جس میں بیلجیئم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔ 

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سردار صدیق خان نے آج کے پر صعوبت دور میں پاکستان اور سرزمین پاکستان کو ابر کے ایک ٹکڑے سے تشبیہ دی ۔ 

انہوں نے قیام پاکستان کے حالات اور موجودہ پاکستان کا ایک مختصر جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پاکستان الحمدلاللّٰہ بہت بہتر حالت میں ہے۔ کچھ سال قبل تک لوگ اسے توڑ دینے یا اس کے ٹوٹنے کی پیشگوئی کر رہے تھے لیکن پاکستان قائم ہے اور اسے توڑنے کی کوشش کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں یا پہنچ رہے ہیں ۔ 

انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ آج پاکستان کے تمام فعال ادارے ایک ہی پیج پر ہیں اور وہ سب مل کر ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ 

اس موقع پر پیپلز پارٹی بیلجیئم کے سابق صدر اور سینئر رہنما حاجی وسیم اختر، آندرلیخت کمیون سے منتخب کونسلر عامر نعیم، پختون ایسوسی ایشن کے سابق صدر حاجی ریاض خان، کونسلر ناصر چوہدری، علامہ حسنات احمد بخاری، تحریک انصاف بیلجیئم کے صدر زاہد بھدر، سماجی راہنما حاجی اشرف، سید شکیل حیدر، کینتھ رائے، مہر عبدالمالک، سید شبیر علی زیدی ، گرین پارٹی کی پولیٹیکل کونسل کے رکن امجد شاہ، پختون ایسوسی ایشن کے نوید خان اور معظم شاہ نے اپنے اپنے مختصر خطابات میں اس دن کے حوالے سے روشنی ڈالی اور آزادی کی نعمت کے حصول پر اللّٰہ کا شکر ادا کیا ۔ 

اس امر کی جانب توجہ دلائی گئی کہ یہ نہ دیکھا جائے کہ وطن نے کیا دیا بلکہ اسے یوں دیکھا جانا چاہیے کہ ہم نے اپنے وطن کے لیے کیا کیا؟ ۔ 

ایک مقرر نے اسے تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت قرار دیا تو دو سرے نے اس کی وجوہات پر غور کرتے ہوئے وطن کی اس محبت کو اپنی اگلی نسل تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 آخر میں وطن کی سلامتی کے لیے دعاؤں اور پاکستان کے حق میں نعروں کے درمیان کیک کاٹا گیا۔

تازہ ترین