• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بننے سے پہلے بھی کراچی سندھ تھا اور ہمیشہ رہے گا، پیر مظہر الحق

سابق سینئر صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی ممبر سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی پی پی پی پیر مظہر الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان بننے سے پہلے بھی کراچی سندھ تھا اور ہمیشہ رہے گا، سندھ کو تقسیم کرنے کا سوچنے والے خود تقسیم ہوگئے اور آئندہ بھی ہوتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے پیپلز پارٹی لیبر ونگ برطانیہ کے جنرل سیکریٹری و فیض کلچرل فاؤنڈیشن یوکے جنرل سیکریٹری علی خاقان مرزا سے اپنی قیام گاہ پر ملاقات کے دوران میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر اپنی ڈوبتی سیاسی کشتی کو بچانے کے لیے سندھ میں نفرتیں پھیلانے والے پاکستان دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں، سندھ کراچی اور کراچی سندھ ہے۔

علی خاقان مرزا نے کہا کہ پی ٹی آئی کو حکومت کرتے ہوئے دوسال ہوگئے، اس دوران میں انہوں نے ہمیں ملکی تاریخ کی بدترین معیشت دی، عمران خان کے دو برس میں کشمیر سے سعودی عرب تک خارجہ پالیسی ناکام رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے دو برس کے دوران میں جمہوریت اور انسانی حقوق نشانہ رہے، اس عرصے میں ملک میں سب سے زیادہ بے روزگاری اور کرپشن ہوئی ہے۔

اس موقعے پر ممتاز سماجی شخصیت سید انعام رضا عابدی نے بھی ملک کی معاشی صورت حال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

اس موقعے پر پیر مظہر الحق نے علی خاقان مرزا کو فیض کلچرل فاؤنڈیشن برطانیہ کے زیر اہتمام ورچوئل عالمی مشاعرے کے کامیاب انعقاد پر خصوصی مبارک باد بھی دی۔

تازہ ترین