• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارسلان کو بالکل اندازہ نہ تھا کہ آج اسے انگلی پکڑ کر چلنا سکھانے والا اس کا سگا بہنوئی جن کا وہ اپنے والد کی طرح ادب کرتا تھا، وہی ارسلان کو قتل کرنے کی پوری منصوبہ بندی کرچکا تھا ،ارسلان کی عمرصرف پچیس برس تھی وہ گزشتہ پانچ برسوں سے جاپان میں اپنے بہنوئی کے پاس ہی مقیم تھا اور گزشتہ ماہ پاکستان اپنے اہل خانہ سے ملنے اسلام آباد آیا تھا اور آج وہ اپنے پاکستانی نژاد جاپانی بہنوئی محمد ستار یاماماتو کے ساتھ ہی جاپان واپس جانے والا تھا ،وہ ایک رو ز قبل ہی اسلام آباد سے اپنی بہن اور بہنوئی کے گھر گجرانوالہ ملاقات کے لئے پہنچا تھا جہاں سے ان کو لاہور جانا تھا اور وہاں سے جاپان کے لئے فلائیٹ لینا تھی ، دوسری جانب ارسلان کا بہنوئی اس کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکا تھا ، اس نے کرائے کے قاتلوں کو تمام تفصیلات سے آگاہ کررکھا تھا کہ وہ گجرانوالہ سے نکلنے کے بعد لاہور سے کچھ پہلے مرید کے میں اپنے والد کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لئے رکے گا وہاں پہلے سے ہی کرائے کے قاتل موجود ہونگے جو ارسلان اور ستار یاماموتو سے موبائل چھیننے کا ڈرامہ کریں گے اور مزاحمت پر صرف ارسلان کو گولی مار کر واپس چنیوٹ کے قریب اپنے گائوں فرار ہوجائیں گے ، گجرانوالہ سے ارسلان ، اپنی بہن اور بہنوئی ستاریاماموتو کے ساتھ لاہور کے لئے روانہ ہوا تو اچانک ستار یاماموتو نے مرید کے کے قریب گاڑی قبرستان کی جانب موڑ لی ، ارسلان کی بہن اور ارسلان نے اعتراض کیا کہ فلائیٹ کےلئے پہلے ہی دیر ہورہی ہے لہذا قبرستان جانے کامنصوبہ ڈراپ کردیا جائے ، تاہم ستار یاماموتو کو تو فلائیٹ لینا ہی نہیں تھی لہذا وہ منصوبے کے تحت گاڑی کو قبرستان کی جانب لے گیا ، قبرستان سے کچھ دور گاڑی روک لی اور گاڑی سے صرف ارسلان کو اترنے کو کہا کہ آجائو جلدی سے فاتحہ پڑھ کر واپس آتے ہیں ،ارسلان ستار یاماموتوکے ساتھ جو نہ صرف ارسلان کا بہنوئی بلکہ جاپان میں اس کی کمپنی کاباس بھی تھا قبرستان چلا گیا ،جہاں پہلے سے ہی ستار یاماموتو کے کرائے قاتل موجود تھے ،ابھی ارسلان فاتحہ پڑھ ہی رہا تھا کہ کرائے کے قاتل اس کے پاس پہنچے اس کے سر پر پستول رکھی اور گولی چلا دی ،ارسلان بے چارا مزاحمت بھی نہ کرسکا اور چشم زدن میں اس دنیا سے رخصت ہوگیا ،قاتل پلاننگ کے تحت ارسلان کا فون اور پرس ساتھ لے گئے اور ستار یاماموتو شور کرتا ہوا گاڑی کی جانب آگیا ، بہن کو پتہ چلا کہ ارسلان کو ڈاکوئوں نے گولی ماردی ہے تو بہن بے ہوش ہوگئی،ارسلان کے بھائیوں کو اطلاع دی گئی جو خود ایک حساس ادارے میں اعلی ٰ افسران ہیں تو پولیس اور اہل خانہ جائے وقوعہ پہنچے ،لیکن ارسلان دنیا سے رخصت ہوچکا تھا ،ستار یاماموتو بھی روتا دھوتا واپس گجرانوالہ پہنچا ، ارسلان کے بھائیوں کے اثروسوخ کی وجہ سے پولیس بہت زیادہ مستعدی سے قاتلوں کو پکڑنے کی کوشش کررہی تھی جبکہ کسی کو شک بھی نہ تھا کہ ارسلان کا بہنوئی ارسلان کا قاتل ہوسکتا ہے اگلے دو دن میں تفتیش سے بہت سے رازوں سے پردہ اٹھتا گیا ، ستار یاماموتو کو احساس ہوگیا کہ بات اب اس تک پہنچنے والی ہے لہذا قتل کے تیسرے روز وہ خاموشی سے فلائٹ لے کر جاپان روانہ ہوگیا جس نے تمام گھر والوں کو شک میںمبتلا کردیا ،اس کے جاتے ہی پولیس نے ارسلا ن پر فائر کرنے والے قاتلوں کو بھی گرفتار کرلیا ،جنھوں نے ستار یاماموتو کے حوالے سے تمام معلومات فراہم کردیں حتی کے جاپان سے قتل کرنے کے لئے رقم بھیجنے کے ثبوت بھی پولیس کو مل گئے جبکہ کال کا ریکارڈ بھی پولیس کو مل گیا ،قتل کی وجہ بھی معلوم ہوگئی کہ ارسلان جاپان میں بہت تیزی سے ترقی کررہا تھا ، وہ عنقریب اپنے بہنوئی سے الگ ہوکر اپنا کاروبار شروع کرنے والا تھا ،جس کے لئےاس نے کافی رقم بھی جمع کرلی تھی لیکن ستار یاماموتو کو یہ سب منظور نہ تھا ،ارسلان کے بھائیوں نے جلد ہی انٹرپول سے ستار یاماموتو کے خلاف ریڈ وارنٹ ایشو کرالیا ، لیکن ستار اب جاپان چھوڑ کر نہ معلوم مقام پر فرار ہوچکا تھا ،لیکن گزشتہ روز اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ستار یاماموتو کو فلپائن کی پولیس نے منیلا سے گرفتار کرلیا ہے ،اس کو کسی فلپائنی خاتون کی شکایت پر گرفتار کیا گیا تھا تاہم تحقیقات میں اس کے خلاف انٹرپول کا وارنٹ جس میں ارسلان کے قتل کی تفصیلات موجود تھیں وہ بھی پولیس کو مل گئیں ،ستار یاماموتو نے اپنے پچیس سالہ بے گناہ سالے کو قتل کرکے نہ صرف اس کے اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ ظلم کیا تھا بلکہ اپنے بیوی بچوں کی زندگی بھی تباہ کرلی تھی ، وہ چار سال سے دربدر پھر رہا تھا جبکہ اب گرفتاری کے بعد آنے والی زندگی بھی سلاخوں کے پیچھے گزارے گا ، دنیا کی ذلت تو مل گئی ہے جبکہ آخرت میںبھی عذاب اور رسوائی اس کے منتظر ہونگے ، ستار یاماموتو کی نفرت اور غصے کی بھینٹ کئی زندگیاں چڑھ گئیں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ارسلان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اس کے ساتھ ظلم کرنے والوں کو نشان عبرت بنادے ۔ آمین

تازہ ترین