کراچی (محمد ناصر)سپرہٹ سیریل ’’دیوانگی‘‘ کی آخری قسط آج ’’جیو‘‘ پر دیکھیں، عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ نے پھر سب کے دِل جیت لئے، ریٹنگ میں بھی نمایاں پوزیشن،دانش تیمور، حبا بخاری کی یادگار اداکاری، انتظار کی گھڑیاں دلچسپ، اختتامی قسط پر عوام اب اپنی رائے بھی دے سکتے ہیں، تفصیلات کے مطابق ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی پہلی ہی جھلک سے زبان زدعام ہوجانے والی عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کی میگا ڈرامہ سیریل ”دیوانگی“ کی آخری قسط بدھ کی شب 8 بجے پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ سے نشر کی جائے گی۔ غلط فہمیوں، جذباتی صورتحال، زندگی کے تلخ حقائق، غم، خوشی اور جذبات کی ڈور سے بنی گئی ڈرامے کی دلچسپ کہانی میں بہت سے ٹوئسٹ اور کئی موڑ آئے، یہی وجہ تھی کہ اس سیریل نے پہلی ہی قسط سے عوام کے دِل موہ لئے۔ سپرہٹ سیریل ”دیوانگی“ پہلے دِن سے اب تک ریٹنگ چارٹ پر نمایاں پوزیشن پر جگمگاتا رہا اور پاکستان سمیت دُنیا بھر کے کروڑوں ناظرین اس ڈرامے کی کہانی میں پوری طرح ڈوبے نظر آئے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے نامور گلوکار ساحر علی بگا کی شاعری، کمپوزیشن اور آواز سے ترتیب دیا گیا ڈرامے کا صرف ٹائٹل سونگ سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں اور اب تک اِس کے دیوانے بنے ہوئے ہیں۔ سعدیہ اختر نے اپنے قلم سے اس سیریل کی کہانی کو اس قدر عمدہ انداز میں تحریر کیا کہ ہر گزرتی قسط عوام کو ایک نئے تجسس میں مبتلا کرتی گئی جبکہ ذیشان احمد کی منفرد ڈائریکشن کے سبب یہ سیریل ہر دِن مقبولیت کی نئی سند حاصل کرتی رہی۔ دانش تیمور اور حبا بُخاری کی جاندار اور ورسٹائل اداکاری پر بھی عوام بہت زیادہ فدا ہوئے۔ ڈرامے کے دیگر مرکزی کرداروں میں علی عباس، زویا ناصر، محمود اسلم، ندا ممتاز، عصمت زیدی، نور الحسن، پروین اکبر اور حمیرا بانو شامل تھے جنہوں نے اپنی شاندار پرفارمنس کے لوگوں کے دِل جیت لئے۔ دوسری طرف اختتامی قسط میں انتظار کی گھڑیوں کو مزید دلچسپ بنانے کیلئے ”جیو ٹی وی“ نے اپنے ناظرین کیلئے ایک منفرد اہتمام کردیا ہے جس کے تحت ناظرین اس سیریل کے حوالے سے اپنی رائے بھی دے سکتے ہیں۔ ”کیا محبت کے جنون میں سلطان درانی کی دیوانگی نگین کو بخش دے گی یا پھر اس کی جان لے لے گی، نگین کی محبت یا اس کی موت آخر کیا ہوگا سلطان کا انجام، کیا نگین لے پائے گی سلطان سے انتقام؟“۔ ان تمام باتوں پر اپنی رائے دینے کیلئے عوام جیو ٹی وی کی آفیشل ویب سائٹ www.harpalgeo.tv پر لاگ اِن کرکے اپنی رائے دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فیس بُک اور یوٹیوب کے ”harpalgeo“آفیشل پیجز پر بھی وزٹ کرسکتے ہیں۔ پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی محبت کے جنون اور نفرت کی انتہا کو کیا انجام دینے والے ہیں اور اس دھواں دھار قسط میں اب کیا نیا ٹوئسٹ سامنے آئے گا؟۔ یہ سب کچھ ناظرین میگا سیریل ”دیوانگی“ کی آخری قسط میں شب 8 بجے دیکھ سکیں گے۔