• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواسہ رسولؐ نے عظیم قربانی دے کر انسانی اقدار کی حفاظت کی، چیئرمین کشمیر کونسل ای یو

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاہے کہ نواسہ رسولؐ امام حسین علیہ السلام نے حق کی سربلندی کے لیے قیام کیا اورعظیم قربانی دے کرانسانی اقدارکی حفاظت کی ۔

یوم عاشور پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ واقعہ کربلاہمیں انسانی اقدارکے تحفظ اور انسانی حقوق کا خیال رکھنے کا درس دیتاہے، کربلا ظلم کے خلاف عظیم جدوجہد کا نام ہے اور ایک اعلیٰ درس حریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جموں وکشمیرکے عوام کربلاکے پیغام سے متاثر ہوکر اپنے اس وطن کی آزادی کے لیے جدوجہدکررہے ہیں جس پر بھارتی فوج سات دہائیوں سے قابض ہے۔

علی رضاسید نے کہا کہ کربلا ظلم و ستم کے خلاف پائیدار جدوجہد کا پیغام ہے اور یہ معرکہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کے لیے ایک ناقابل فراموش سبق ہے، واقعہ کربلانے ثابت کیا کہ سچائی اورحق کی قوتیں ہی باطل کے مقابلے میں کھڑی ہوسکتی ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ آج کشمیری بھی حق پر ہیں اور بھارت کی فوجی برتری ان کے حوصلے کم نہیں کرسکتی اور نہ ہی انہیں شکست دے سکتی ہے، اب تک بھارت نے تمام حربے استعمال کرلئے ہیں ، حتیٰ کہ پچھلے سال اگست میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں ملٹری لاک ڈاؤن نافذ کردیا جو اب بھی جاری ہے، اگرچہ اس لاک ڈاؤن اورنت نئی پابندیوں نے کشمیریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں لیکن پھربھی کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں کیونکہ کشمیری جانتے ہیں کہ حق اور سچ کی طاقت بہت مضبوط ہوتی ہے اور حق والے تعداد میں کم ہوتے ہوئے بھی دشمن پر غالب آجاتے ہیں۔

علی رضاسید نے کہا کہ کربلاکے میدان میں امام حسین ؑ اور ان کے باوفا ساتھی تعداد میں دشمن کے مقابلے میں بہت کم تھے اور ان کے پاس جنگی سازوسامان بھی معمولی تھا لیکن وہ ایک ایک کرکے بہادری کے ساتھ یزید کے ہزاروں سفاک فوجیوں سے لڑتے رہے، یزید کا ہزاروں مسلح افراد پر مشتمل ایک بڑا لشکرتھا جبکہ امام عالی مقام کے 72 جانثارتھے، آخر کار حق کو باطل پر فتح نصیب ہوئی، حق و باطل کے مابین یہ جنگ ہمیں قربانی اور خودی کا درس دیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم کربلاکے اصولوں کو مدنظر رکھ کر باطل کے خلاف نبردآزماہوسکتے ہیں، ہمیں اس طرح کا حوصلہ اور جذبہ پیدا کرنا ہوگا اور صبر و استقامت سے کام لیناہوگا، آج نہتے کشمیری عوام 7 لاکھ بھارتی فوجیوں کے مظالم کا سامنا کررہے ہیں لیکن وہ دن دورنہیں جب کشمیریوں کو فتح اورآزادی نصیب ہوگی ۔

تازہ ترین