• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت نے کراچی کو آفت زدہ قرار دیدیا


سندھ حکومت نے صوبائی دارالحکومت کراچی کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔

ریلیف کمشنر سندھ نے صوبے کے 4 ڈویژن کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کےمطابق کراچی کے تمام 6 اضلاع جنوبی، شرقی، غربی، وسطی، ملیر اور کورنگی آفت زدہ قرار دیے گئے ہیں۔

محکمہ ریلیف کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حیدر آباد، میر پورخاص اور شہید بینظیر آباد (نواب شاہ) کے اضلاع کو بھی آفت زدہ قراردیا گیا ہے۔

محکمہ ریلیف نے حالیہ بارشوں سے ہونے والی تباہی اور نقصانات کے تناظر میں سندھ قومی آفات ریلیف قانون 1958 کے تحت ان اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: متاثرہ علاقوں میں پاک فوج، نیوی کی امداد کارروائیاں

ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ اور معاوضے کے لیے فوری رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ کے دیگر شہروں بدین، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہ یار، مٹیاری، دادو، عمرکوٹ، تھرپارکر، اور سانگھڑ کو بھی آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

حیدر آباد میں چار روز بعد بڑی شاہراہوں سے پانی نکال دیا گیا، گلیوں اور بازاروں میں اب بھی پانی جمع ہے۔

کئی مقامات پر کیچڑ اور غلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ 28 اگست کو بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہونے کے بعد میئر، ڈپٹی میئر اور یو سی چیئرمینز کی لاتعلقی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

شہید بے نظیر آباد کی تحصیل دوڑ میں سیم نالے میں پڑنے والے شگاف سے سیلابی ریلا قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔

ادھر سندھ میں بارشوں اور سیلابی صورت حال میں متاثرین کے لیے این ڈی ایم اے کا امدادی آپریشن جاری ہے۔

تازہ ترین