• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی کے علاقے کورنگی اللّٰہ والا ٹاؤن میں 4 منزلہ عمارت گرنے 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کی وجہ وجہ بارشوں کے بعد بلڈنگ کی بیسمنٹ میں جمع ہونے والا پانی تھا، علاقے کی کی بیشتر عمارتیں پانی سے متاثر ہیں۔

عینی شاہد ین نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کو درخواست لکھنے کے باوجود پانی نہیں نکالا گیا، پانی جمع ہونے کی وجہ سے عمارت کی بنیادیں کمزور ہوگئی تھیں۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت سے بچوں، خواتین سمیت 12 زخمیوں کو نکالا گیا ہے، مزید لوگ ابھی اندر موجود ہیں۔

علاقہ مکینوں نے کہا کہ ایک عمارت دوسری عمارت پر گری جس کی وجہ سے نقصان زیادہ ہوا، جبکہ دونوں عمارتوں میں لوگ رہائش پزیر تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت کے نیچے چار دکانیں بنی ہوئی تھی، جن میں سے تین دکانیں کھلی ہوئی تھی۔

عینی شاہدین کا مزید کہنا ہے کہ عمارت کے مرکزی پلر میں دراڑیں پڑ گئی تھی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمارت میں اب تک کی اطلاعات کےمطابق ایک فیملی رہائش پذیر تھی، باقی خاندان عمارت چھوڑ کرجا چکے تھے، گرنے والی عمارت کے قریب کافی عرصے سے پانی جمع تھا، جس کی وجہ سے عمارت دھنسنا شروع ہوگئی تھی۔

انتظامیہ نے کہا کہ 4 منزلہ عمارت کو 2 روز قبل ڈی سی کے احکامات پر خالی کرالیا گیا تھا۔

انڈس اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک زخمی کو انڈس اسپتال منتقل کیا گیا ہے، زخمی بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پاک آرمی کا دستہ امدادی کارروائیوں کے لیے کورنگی پہنچ گیا ہے۔

تازہ ترین