• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی آرٹس کونسل کا 18روزہ عوامی تھیٹر فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان

کراچی آرٹس کونسل کا 18روزہ عوامی تھیٹر فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان
فوٹو: فائل

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ثقافتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے عوامی تھیٹر فیسٹیول کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

پہلا ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ 18 ستمبر 2020ء کو رات 8 بجے پیش کیا جائے گا۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ کے ڈراموں میں دکھایا جائے گا کہ پاکستان کو کیسا ہونا چاہیے، تمام زبانوں کے بولنے والوں کو اکٹھا کرنے کوشش کی ہے، پچھلی مرتبہ بھی تمام فیملی ڈرامے تھے جس کو خوب پذیرائی ملی۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ”عوامی تھیٹرفیسٹیول“ منفرد انداز کا ہوگا، اس مرتبہ فنکاروں کے لیے دگنا پیکیج رکھا گیا ہے، خاص بات یہ ہے کہ ڈراموں میں سیکنڈ اور تھرڈ جنریشن بھی میدان میں آگئی ہے، آرٹس کونسل کراچی کا مقصد لاک ڈاؤن کی وجہ سے پریشان فنکاروں کو سپورٹ کرنا ہے، آرٹس کونسل کراچی فنکاروں کے ساتھ میک اَپ آرٹسٹ، سیٹ اور لائٹس سمیت ہر چیز میں تعاون کر رہا ہے۔

احمد شاہ نے مزید کہا کہ 6 ماہ سے جو صورتحال رہی اس سے سب ہی واقف ہیں، لوگ ڈپریشن کا شکار رہے، لاک ڈاؤن کے دوران آرٹس کونسل کراچی نے راشن اور نقد رقم کے ذریعے بہت سے ضرورت مند لوگوں کی امداد کی۔ مگر اب ہم چاہتے ہیں کہ لوگ آرٹس کونسل کراچی سے اپنے چہروں پر خوشی لے کر جائیں۔

اس موقع پر معروف اداکار طلعت حسین نے کہا کہ انگلستان، روس اور فرانس تک آرٹس کونسل کے چرچے ہیں، احمد شاہ نے چند سالوں میں آرٹس کونسل کے لیے جو کام کیا وہ سب کے سامنے ہے، ہمیں اور آپ لوگوں کو مل کر آرٹس کونسل کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی نے کہا کہ آرٹس کونسل آرٹسٹوں کے دم سے ہے۔ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول”18 ستمبر کو شروع ہوگا اور 4 اکتوبر 2020ء تک جاری رہے گا، جس میں ممبران کا داخلہ فری ہوگا۔ تھیٹر میں خالہ خیالوں میں، ایسا بھی ہوتا ہے، بہو ہو بہو، نوچانس، تگڑم، کھٹی آئیو خیرساں، ادھورے خواب، مسٹر کراچی، دنیا دو نمبری، گھبرائیں جو نائے، اوپرا، شرارت، میرا ویا کراؤ، ہوا کی چیخ، شادی نہ کرنا یارو، بیٹی رانی اور یہی سچ ہے شامل ہیں۔

ڈرامہ کے ڈائریکٹرز میں شکیل صدیقی، رؤف لالہ، پرویز صدیقی، ذاکر مستانہ، شکیل شاہ، نذر حسین، زاہد شاہ، آدم راٹھور، الیاس ندیم، حمید راٹھور، الطاف سومرو، عابد نوید، جمیل راہی، آفتاب کامدار، ظہور ملک، محمد علی نقوی، ریاض مخدوم، عرفان ملک اور علی حسن بھی اس کا حصہ ہیں۔

ڈرامہ روزانہ شب 8 بجے اوپن ایئرتھیٹر میں ہوگا۔

تازہ ترین