• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپٹ لوگوں سے حاصل کردہ رقم تعلیم کے فروغ پر خرچ ہوگی، وزیراعظم

کرپٹ لوگوں سے حاصل کردہ رقم تعلیم کے فروغ پر خرچ ہوگی، وزیراعظم


ہری پور(ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ لوگوں سے وصول کردہ رقم تعلیم کے فروغ پر خرچ کریں گے ‘ پہلا سال معیشت درست کرنے اور دوسرا کرونا وباکا سامنا کرنے میں گزرگیا ‘زیادہ وسائل ایجوکیشن پر لگائیں گے۔

ترقی کیلئے سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا‘کمیونزم قوموں کی تباہی کا باعث بنا‘یہ تاثر کہ مغرب ہی ترقی کرسکتا ہے ہم نہیں کرسکتے یہ غلط ہے۔ 

انگریز کی غلامی کے ذہن اور سوچ کو تبدیل کرنا ہو گا ‘ہم کیوں اپنے سائنسدان نہیں بناتے‘ کیوں کوئی ایجاد نہیں کرتے؟ ہمارا مجموعی رویہ یہ ہے کہ ہم نقال بن گئے ہیں‘ صرف نقل ہی کرتے ہیں۔

ہماراخودپر اعتماد ختم ہوگیا ہے ‘پاکستان کو اس راستے پر چلنا چاہیے جس پر اللّٰہ اسے عظیم ملک بنائے گا اور ہم وہ راستہ ڈھونڈ رہے ہیں‘اب پوری توجہ ذہنوں کو آزادکرکے ترقی پر ہوگی ‘سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے‘ خصوصی اقتصادی زون سے ملکی معیشت کو فروغ ملے گا، نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ہری پور میں پاک آسٹریا فیکوچ شول انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم میں ہر شعبے میںآگے بڑھنے کی صلاحیت ہے ہمیں اپنی سوچ بہتر کرنا ہوتی ہے۔ 

ہمیں اپنے ذہنوں کو آزاد کرتے ہوئے ترقی کا راستہ اپنانا ہے‘فیس بک ٹوئٹرجیسی بڑی کمپنیوں کے بجٹ ہمارے سالانہ بجٹ سے اربوں ڈالر زیادہ ہوتے ہیں‘ ہمیں سائنس، ٹیکنالوجی اور نالج اکانومی پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔ اس سے ملکی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔

سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ خیبر پختونخوا میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح کر دیا گیا ہے‘نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں۔ انسانی وسائل کی ترقی کے لئے تعلیم پر خرچ کرنا ہو گا۔ 

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے پہلے سال معیشت کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی۔ دوسرے سال کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث تعلیمی شعبہ پر زیادہ توجہ نہیں دے سکا۔ اب قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے تعلیم پرتوجہ مرکوز کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ بدعنوان عناصر سے ریکوری کرتا ہے۔ یہ وصول کی گئی رقم تعلیم پر خرچ کرنے کے لئے قانون سازی کریں گے۔

تازہ ترین