• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی جی FIA کے نئے اقدامات، تمام تفتیشی افسران پر سخت دباؤ

کراچی (اسد ابن حسن) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء کے نئے احکامات سے ملک بھر کے سرکل انچارجز اور تمام تفتیشی افسران پر بے انتہا دباؤ آگیا ہے۔ ڈی جی نے تمام ڈائریکٹرز اور سرکل انچارجز کو حکم دیا ہے کہ وہ تمام زیرالتوا انکوائریوں میں مقدمات کی ون پیج سمری 24گھنٹے میں تیار کرکے ڈی جی آفس روانہ کریں۔ مذکورہ حکم اور قلیل مدت کی وجہ سے تمام تفتیشی افسران سب کام چھوڑ چھاڑ کر رپورٹس کی تیاری میں جت گئے ہیں۔ بیشتر ملک بھر کے تفتیشی افسران کے پاس کئی کئی انکوائریاں ہیں جبکہ مقدمات الگ ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی کے سرکلز میں پی آئی اے 53، ای او بی آئی کی تین، کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کی 50 سے زائد، سائبر کرائم میں سیکڑوں انکوائریاں زیرالتوا ہیں جبکہ لاہور میں بھی کئی انکوائریاں اعلیٰ کسٹم حکام کے خلاف جاری ہیں۔ اس کے علاوہ ایک نئے حکم کے مطابق ہر تفتیشی افسر اپنی انکوائری اور مقدمات میں لیے گئے بیانات اور تحویل میں لی گئی دستاویزات روزانہ کی بنیادوں پر آن لائن ڈالنے کا پابند کردیا گیا ہے، جس کو اعلیٰ افسران گاہے بگاہے دیکھتے رہیں گے تاکہ بیانات میں کوئی تبدیلی نہ کی جاسکے۔

تازہ ترین