• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

91ارب روپے کی منشیات تیاری کیلئے اسمگل قیمتی کیمیکلز ضبط

91ارب روپے کی منشیات تیاری کیلئے اسمگل قیمتی کیمیکلز ضبط 


کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کسٹمز پریونٹیو کراچی پورٹ کنٹرول یونٹ نے افغان کسٹمز حکام اور امریکن ڈرگ انفورسٹمنٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ ملکر 54کروڑ 60لاکھ ڈالر کی رقم جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں میں جانے کی کوشش ناکام بنا دی ،91ارب روپے سے زیادہ مالیت کی منشیات تیاری کے لئے اسمگل کردہ 6میٹرک ٹن قیمتی کیمیکلز (آیوڈین) ضبط کر لیا ،کسٹمز انفورسمنٹ ترجمان کے مطابق پورٹ کنٹرول یونٹ کراچی کو اطلاع ملی تھی کہ یو اے ای سے ایک کنسائمنٹ افغان ٹرائزٹ ٹریڈ کے ذریعے افغانستان بھیجا جارہا ہے جس پر کسٹمز کے پورٹ کنٹرول یونٹ نے سے انتہائی مشکوک کنسائمنٹ قرار دیتے ہوئے اس کی نگرانی شروع کی ،اس کی اطلاع افغان کسٹمز کو بھی کر دی گئی اس کے ساتھ اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈرگ اینڈ کرائم اور امریکن ادارے یو ایس ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کو بھی اعتماد میں لیکر کنسائمنٹ کی طورخم بارڈ تک نگرانی جاری رکھی گئی ،افغان حدود میں داخلے کے بعد افغان کسٹمز اور امریکن ادرے کی نگرانی میں 3 روز قبل مشترکہ آپریشن کیا گیا اور قیمتی کیمیکلز ضبط کر لیا گیا ،کسٹمز ترجمان کے مطابق انٹرنیشنل نارکوٹکس بورڈ کی رپورٹ کے مطابق اس آیوڈین کے ذخیرے سے 4.5 ٹن منشیات( Methamphetanine))جسے کرسٹل بھی کہا جاتا ہے تیار کی جاسکتی تھی۔ اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈرگ اینڈ کرائم کی روپوٹ میں کہا گیا ہے کہ اسمگل کردہ اس آیوڈین سے 91 ارب روپے سے زیادہ کی منشیات تیار ہو سکتی ہے ۔اس طرح مشترکہ اپریشن میں بڑی کامیابی حاصل کی گئی ہے کیونکہ اس طرح 54کروڑ 60لاکھ ڈالر کی رقم جرائم پیشہ افراد کے ہاتھ لگ جاتی ۔پاکستان کسٹم ذرائع کے مطابق یہ بھی واضح امکان ہے کہ کیمیکل سے منشیات بنانے سے حاصل بھاری آمدنی دہشت گردی میں استعمال کی جاسکتی تھی ۔ اس لئے تمام بین الاقوامی ایجنسیزنے پاکستان کسٹمز پریونٹیو کی پیشہ وارانہ اہلیت اور کار کردگی کو سراہا ہے۔

تازہ ترین