اسلام آباد (نمائندہ جنگ)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ملک و قوم آج ایک دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، اور ہمیں نجات کے لئے کوئی راستہ تلاش کرنا ہے ،ہماری جماعت نے ہمیشہ آمریت کے خلاف تحریک کا ساتھ دیا ہے،گزشتہ روزپاکستان بار کونسل کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ریاستی اداروں کا احترام کرتا ہوں لیکن اگر کوئی ادارہ اپنی حدود پھلانگتا ہے یا حکومت پر شب خون مارتا ہے تو بطور شہری اسے تسلیم نہ کرنا میرا آ ئینی حق ہے ،آج ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ یہ ملک تنخواہیں دینے والے عوام کے لئے ہے یا تنخواہیں لینے والے ملازمین کے لئے ہے ، انہوں نے آزادی صحافت پر قدغن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میر شکیل الرحمان کا کیا جرم ہے ،حامد میر پر قاتلانہ حملہ کیوں کروایا گیا ،خیبر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نےکہا کہ یہ ملک اسی صورت قائم رہ سکتا ہے جب تما م ادارے آئین کی چھتری تلے کام کریں،آئین کا ایک ایک لفظ مقدس ہے ،جو اسے نہیں مانتا ہمیں اس کے خلاف گلیوں بازاروں میں آنا پڑے گا ، اے این پی کے رہنما امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کو کس جرم میں جیل میں ڈال رکھا ہے ؟مطیع اللہ جان کا کیا قصور ہے ؟ سپریم کورٹ نے سعد رفیق کی ضمانت کے مقدمہ میں نیب سے متعلق جو آبزرویشنز دی ہیں وہ قوم کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں، کسی ادارے کو شہریوں کو ماورائے عدالت لاپتا کردینے کا کوئی اختیار نہیں ہے ،رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کہ پالیمنٹ کی جتنی بے توقیری آج ہورہی ہے اتنی پچھلے 73سالوں میں بھی نہیں ہوئی ، پہلے تو اک ادارہ ہی حلف اٹھانے کے باوجود سیاسی مداخلت کرتا تھا اب تو عدلیہ نے بھی از خود نوٹس کے ذریعے انتظامی معاملات میں مداخلت شروع کردی ہے ،جس سے معاشرے کا توازن خراب ہورہا ہے ، نواز شریف کے معاملے میں تو خو دہی شکایت گزار ،خود ہی پولیس اور خود ہی منصف والی بات ہوئی ہے ، ملک میں کنٹرولڈ احتساب ہو رہا ہے ،میڈیا پر ملکی سیاسی قیادت کو بدنام کرنے کے لئے وسائل لگائے جارہے ہیں ،اور لگتا ہے کہ پاکستان میں صرف سیاستدان بدعنوان ہیں ، اگر جرنیلوں کی بدعنوانی سامنے آگئی تو لوگ آج تک ہونے والی ساری بدعنوانیوں ہی کو بھو ل جائیں گے ، استقلال پارٹی کے قائد منظور گیلانی نے کہاکہ اس وقت ملک میں کوئی جمہوریت نہیں ہے، صرف سیاسی قیادت کا احتساب کیا جارہا ہے،باقی سب کی چھٹی ؟حکومت نے عاصم باجوہ کے معاملے پر کیا کیا ہے ، عمران خان ایک کٹھ پتلی حکمران ہیں ،ان کے پیچھے اصل مداری کوئی اور ہیں، عمران خان اور مداری بھی احتساب سے نہیں بچ پائیں گے ۔