• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کو جدوجہد دستبردار نہیں کرواسکتی، علی امین گنڈاپور

پشاور(جنگ نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ بھارت ریاستی دہشتگردی کے باوجود کشمیریوں کو حق خودارایت کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کروا سکتا، بھارت کی مسئلہ کشمیر پس پشت ڈالنے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کی وجہ سے عالمی برادری میں کشمیریوں کے حقوق سے متعلق آگاہی میں اضافہ ہوا اور انسانی حقوق کے ادارے اور عالمی میڈیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو مسلسل بے نقاب کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی موثر پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر بھارت کو تمام سفارتی فورمز پر شکست کا سامنا ہے، ایس سی او سمٹ ہو یا پھر اقوام متحدہ، بھارت کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیریوں کی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں آبادی تناسب تبدیل کرانے کے ضمن میں بھارتی مذموم کوششوں کا فوری روک تھام کروانا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی بھارت کے تمام مذموم ہتھکنڈوں سے بخوبی واقف ہیں اور وہ اپنے عزم اور جدوجہد سے بھارتی مذموم منصوبوں کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
تازہ ترین