پشاور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع پشاور کے صدر اور پراونشل کمیٹی کے رکن راشد محمود خان بابوزئی نے خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی بدامنی لاقانونیت اور ٹارگٹ کلنگ کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غازی ہری پور میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک طاہر اقبال اور ان کے ساتھ کی ٹارگٹ کلنگ سے واضح ہو گیا ہے کہ تبدیلی سرکار کے دور حکومت میں نہ صرف عام لوگ بلکہ حکمران جماعت کے عہدیدار و رہنما بھی غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ راشد محمود خان نے گڑھی محمد بہرام خان شاہ عالم پشاو ر میں اپنی رہائش گاہ پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی لانے کی بجائے ملک کو تباہ سے دو چار کر دیا گیا۔ نیا پاکستان بنانے کی بجائے پاکستان کاحلیہ بگاڑ دیا گیا۔ پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے دعویداروں کے دور میں خواتین اور بچیوں کو درندگی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سود کرپشن اور بدعنوانیوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے حکمرانوں کے خلاف عوامی نفرت بڑھتی جا رہی ہے اور حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ عوام نے ملک کو مزید تباہی سے بچانے اور مہنگائی کی سونامی کا راستہ روکنے کے لئے مسلم لیگ کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے ۔ مسلم لیگ آنے والے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اور مرکز و چاروں صوبوں میں مسلم لیگ کی حکومت ہو گی جس کے بعد مہنگائی کا خاتمہ ہو گا اور ترقی و خوشحالی کے رکے ہوئے سفر کا پھر سے آغاز ہو گا۔