• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے وار پھر شروع، پاکستان میں 2 دن کے دوران اموات دگنی

کورونا کے وار پھر شروع، پاکستان میں 2 دن کے دوران اموات دگنی


کراچی،کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ، جنگ نیوز )کورونا وائرس سے پاکستان میں 2دن کے دوران اموات دگنی ہوگئیں،گزشتہ روزکورونا سے پاکستان میں 9مریض چل بسے، اضافے کیساتھ 752نئے کیسز سامنے آئے، سندھ میں 88تدریسی و غیر تدریسی عملہ وائرس کا شکار، کوئٹہ میں 3، ژوب کا ایک اسکول دوبارہ بند، پنجاب میں 3 روز کے دوران 32طلباء کورونا میں مبتلا ہوئے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 33865 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 752 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 9 افراد انتقال کرگئے،پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 4386 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 6408 تک جا پہنچی ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 514 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے،15 ستمبر کو ملک میں کورونا کے 404 کیسز 6 ہلاکتیں، 16 ستمبر کو 665 کیسز 4 ہلاکتیں اور 17 ستمبر کو 545 کیسز اور 6 ہلاکتیں ہوئیں۔ 

دوسری جانب اسکول کھولنےکے مسئلے پر وفاقی اور سندھ حکومت میں ٹھن گئی ، سندھ نے وفاقی حکومت کو اعتماد میں لئے بغیرا سکول کھولنے کے دوسرے مرحلےکے شیڈول میں تبدیلی کر دی،سندھ حکومت کے فیصلے کے مطابق اب 28 ستمبر کو مڈل ا سکول کھولے جانے کا امکان ہے۔

تاہم وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ چاروں صوبوں کے نمائندوں کی موجودگی اور وزارت صحت کے مشورے کے بعد شیڈول جاری ہوا تھا اس پر من وعن عمل درآمد ہو گا، سندھ کے وزیر تعلیم میں تبدیلی کے حوالے سے اگر مشورہ کر لیتے تو بہتر ہوتا، دوسرے مرحلے میں کلاسز 23 ستمبر سے ہی شروع ہوں گی۔ 

شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، 22 ستمبر کو این سی اوسی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا، صورتحال اسی طرح رہی تو تعلیمی ادارے شیڈول کے مطابق کھلیں گے۔ دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے سندھ کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کا تدریسی عمل 28 ستمبر سے شروع کرنے کا اعلامیہ جاری کردیاہے ۔

ادھر سندھ کے تعلیمی اداروں میں 88تدریسی و غیر تدریسی عملے میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ہے،محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں 15 ستمبر 2020کو تدریسی و غیر تدریسی عملے کے 13 ہزار 274 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔

کورونا ٹیسٹ کے نتائج سامنےمیں 88 تدریسی و غیر تدریسی عملے میں کورونا کی تصدیق ہوگئی، جن میں سے صرف کراچی کے تعلیمی اداروں میں 32 افراد متاثر ہوئے۔

مزید برآں گزشتہ روز سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق، 237 نئے کیس سامنے آگئے ۔پنجاب بھر میں پہلے 3 روز میں 32 بچوں، دو ملازمین سمیت 34 افراد کورونا کا شکار ہو گئے۔ 

کوئٹہ میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جناح ٹائون ، گورنمنٹ گرلز ہائی ا سکول کلی عالم خان عالمو چوک اور لیڈی سنڈیمن گرلز ہائی اسکول کوئٹہ میں کوروناوائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تینوں تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے، سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی میں شروع ہونیوالی کلاسز جن کاآغاز پیر21ستمبر سےہوناتھا،انھیں بھی ملتوی کردیاگیاہے۔ 

دریں اثناء ژوب سے نامہ نگار کے مطابق اساتذہ عملے اور طلبا و طالبات سمیت 7 افراد کاکورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر گورنمنٹ گرلز سٹی ہائی سکول بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین